میرپور خاص ڈاکٹر رشید مسعودخان نے بارش متاثرین کے لیے ملنے والے امدادی سامان سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بےبنیاد اور من گھڑت قرار دیدیا

UbaidUllah Kori عبید اللہ کوری ہفتہ 12 اکتوبر 2024 17:18

 میرپورخاص(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12اکتوبر 2024) ڈپٹی کمشنر میرپور خاص ڈاکٹر رشید مسعودخان نے بارش متاثرین کے لیے ملنے والے امدادی سامان سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بےبنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے ڈپٹی کمشنر میرپور خاص نے اپنے جاری کردہ تردیدی بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی قسم کا کھانے کا سامان نہ تو پی ڈی ایم اے سے ملا ہے اور نہ ہی اسے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسٹور کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پی ڈی ایم اے کے ذریعے حقیقی متاثرہ آبادی کے لیے امدادی سامان دیا تھا جسے میرپور خاص کے وئیر ہاؤس میں اسٹور کیا گیا اور اس امدادی سامان کو 12 اور 26 ستمبر 2024 کو بلاتاخیر سب سے زیادہ متاثر ہونے والی تین تحصیلوں ڈگری، جھڈو اور کوٹ غلام محمد کی 7 یونین کونسلوں میں بھیج دیا گیا جبکہ امدادی سامان کو منتخب نمائندوں اور تحصیل ٹاسک فورس کمیٹی کی مشاورت سے شفاف طریقے سے تقسیم کیا گیا اور بی آئی ایم ایس ایپلیکیشن کے ذریعے پی ڈی ایم اے کی گائیڈ لائنز کے مطابق تقسیم کے عمل کی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امداد صرف حق دار کو ہی ملے اور یہ عمل تاحال جاری ہے - اس کے علاوہ متاثرین کو اضافی مدد کی فراہمی کے لیے ڈی ڈی ایم اے کی جانب سے مختلف این جی اوز بشمول آئی آر سی، ایس آر ایس او، آر ڈی ایف اور سی ای ایس وی آئی کے ساتھ اجلاس منعقد کئے  اور ان این جی اوز نے متاثرین کو نقد رقم دینے کے ساتھ ساتھ مچھر دانیاں اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا - انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ میرپور خاص متاثرین کو شفاف اور بہتر طریقے سے امدادی سامان کی فراہمی کے لیے مستعد ہے انہوں نے واضح کیا کہ غیر استعمال شدہ اور خوراک کے لیے استعمال نہ ہونے والا سامان متعلقہ افراد کی مشاورت سے ڈی ڈی ایم اے میرپور خاص کے وئیر ہاؤس میں اسٹور کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی یا مستقبل میں باوقت ضرورت لوگوں کو فراہم کیا جاسکے-

متعلقہ عنوان :