سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کیلئے خود انحصاری اور خود اعتمادی کی علامت ہے‘سپیکرقومی اسمبلی

منگل 15 اکتوبر 2024 21:54

سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کیلئے خود انحصاری اور خود اعتمادی کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کے لیے خود انحصاری اور خود اعتمادی کی علامت ہے،سفید چھڑی کا دن بصارت سے محروم افراد کی معاونت اور حوصلہ افزائی کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میںسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کی ہمت اور استقامت کو خراج تحسین پیش کر تا ہوں ،سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کے لیے خود انحصاری اور خود اعتمادی کی علامت ہے،سفید چھڑی کا دن بصارت سے محروم افراد کی معاونت اور حوصلہ افزائی کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں، سفید چھڑی والوں کی فلاح و بہبود ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے،بصارت سے محروم افراد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر انہیں معاشرے کا فعال اور کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو معاشرتی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے ضرورت ہے،بصارت سے محروم افراد کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن بصارت سے محروم افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی زندگی کو آسان بنانے کے عزم کی تجدید کا دن ہے،پاکستان کی پارلیمان قانون سازی کے ذریعے خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور فلاح وبہبود کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کو بریل رسم الخط میں مرتب کیا ہے اور ویب سائٹ کو بصارت سے محروم افراد کے لیے قابل رسائی بنایا ہے،پارلیمان کی بلڈنگ کو خصوصی افراد کے لیے قابل رسائی بنایا گیا ہے،پارلیمان بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بصارت سے محروم افراد کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔