عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہو گیا

برطانوی خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی ہو گئی، گیس بھی سستی ہو گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 16 اکتوبر 2024 00:41

عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2024ء) عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہو گیا، برطانوی خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی ہو گئی، گیس بھی سستی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی آ گئی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 3 فیصد کی کمی آئی ہے۔ برطانوی خام تیل برینٹ آئل 74 ڈالرز فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے، جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 70 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔

گیس کی قیمت میں 40 سینٹس کمی ہوئی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گیس 2 ڈالرز 47 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو میں فروخت رہی ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں وفاقی وزارت خزانہ نے اوگرا کی سفارشات پر غور کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک کیلئے پٹرول کی موجودہ قیمت برقرار رہے گی۔

31 اکتوبر تک کیلئے پٹرول کی فی لیٹر قیمت 247 روپے 3 پیسے ہی رہے گی۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ اضافے سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔ اس سے قبل اوگرا نے پٹرولیم کی قیمتوں میں 8 روپے سے زائد اضافے کی سفارش کی ۔ بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ تقریباً دو ہفتوں کے دوارن پیٹرول کی قیمت میں اوسطاً 2.8 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 7 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت تقریباً 76 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر تقریباً 79 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کے نرخ اضافے کے بعد 80.5 ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 87.5 ڈالر فی بیرل ہوگئے۔