چیئرمین شوگر کین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب چوہدری ذکا اشرف کی سرگودھا آمد

مقصد بورڈ کے سالانہ اجلاس میں زراعت بالخصوص شوگر کین میں نئی اصلاحات، ایکسپورٹ میں اضافہ اور اس کی نئی ورائٹیوں کو مارکیٹ میں متعارف کرانا تھا

بدھ 16 اکتوبر 2024 16:44

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2024ء) چیئرمین شوگر کین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب چوہدری ذکا اشرف نے سرگودھا آمد پر یونیورسٹی میں کہاہے کہ اس دورے کا مقصد بورڈ کے سالانہ اجلاس میں زراعت بالخصوص شوگر کین میں نئی اصلاحات، ایکسپورٹ میں اضافہ اور اس کی نئی ورائٹیوں کو مارکیٹ میں متعارف کرانا تھا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے وفد کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی اور تعمیراتی شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ توانائی کی بچت کیلئے پوری یونیورسٹی کوسولر انرجی پر منتقل کردیا گیا ہے اور علاقہ کی زراعت کی بہتری کیلئے ایگری کلچر ہب، سٹرس پروسیسنگ یونٹ اور زرعی شعبہ میں اجناس کی نئی ورائٹیاں متعارف کرائی ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری ذکا اشرف نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کی حاصلات اور اس میں ہونے والی جدید تحقیق کے بارے میں تو بہت سن رکھا تھا اور آج ادارے میں اس کا عملی مظاہرہ دیکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی نے زراعت بالخصوص شوگر کین پر جو ریسرچ کی ہے اس سے ہم فائدہ اٹھاتے ہوئے ادارے کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کریں گے۔چوہدری ذکا اشرف نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے علمی اقدامات کو سراہتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ باقی تمام جامعات کو سرگودھا یونیورسٹی کے رول ماڈل کو فالو کرتے ہوئے اپنے ادارے کی بہتری کے لئے کام کرنا ہوگا تاکہ وطن عزیز کو بہترین ریسرچر، زرعی سائنسدان اور اچھی قیادت میسر آئے۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ہمارا بورڈ ہر سال شوگر کین کی بہتری اور اس کی پیداوار میں اضافہ، ایکسپورٹ کو بڑھانے اور نئی ورائٹیوں پر کام کرنے کے لئے ہر سال ایک سالانہ میٹنگ کا انعقاد کرتا ہے اور اس سال ہمارے بورڈ نے سرگودھا یونیورسٹی کا انتخاب کیا ہے۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامرعلی نے بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی نے جہاں شوگر کین کی نئی ورائٹیاں متعارف کروائی ہیں وہاں ہم نے دیگر اجناس پر بھی تحقیقی کام کیا ہے اور ہمارے اساتذہ و طالب علم باقاعدہ فیلڈ میں اس کا عملی مظاہرہ کررہے ہیں۔

اپنی آمد پر چوہدری ذکا اشرف نے یونیورسٹی ملٹی پرپز ہال میں حال ہی میں قائم کی جانے والی ہسٹری وال کا بھی دورہ کیا جسے دیکھ کر انہوں نے دلی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی میں نظم و ضبط بہت معیاری ہے اور جس طرح ادارے نے اپنی تاریخ کو محفوظ رکھا وہ اپنی مثال آپ ہے۔

متعلقہ عنوان :