نجی کالج کی طالبہ وقانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف نازیبا ویڈیو بیان،ایف آئی اے نےحکیم شہزاد کو گرفتار کر لیا

بدھ 23 اکتوبر 2024 21:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2024ء) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے شجاع آباد سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر وٹک ٹاکر حکیم شہزاد کونجی کالج کی طالبہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف نازیبا ویڈیو بیان دینے پرگرفتار کر لیا،حکیم شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ حکیم شہزاد مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ شاہ کے شوہر بھی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کے نواحی علاقے شجاع آباد کے رہائشی یوٹیوبر و ٹک ٹاکر حکیم شہزاد نےدیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پر لاہور کے نجی کالج کی طالبہ کے خلاف گمراہ گن افواہیں پھیلائیں،حکیم شہزاد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے سے بھی نفرت آمیز ویڈیوز انٹرنیٹ پر اپلوڈ کیں جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ملتان نے بدھ کے روز کارروائی کرتے ہوئے ملزم حکیم شہزاد کو ملتان سے گرفتار کیا،ملزم سے برآمد ہونے والا موبائل فون بھی ایف آئی اے ٹیم نے اپنے قبضہ میں لے لیاہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق موبائل فون سے متنازعہ ویڈیوز،مختلف ٹک ٹاک اکاؤنٹس اور خواتین کے استحصال سے متعلق پیغامات و مواد برآمد ہوا ہے۔ ملزم شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔