سیالکوٹ،چھ ماہ کا بچہ اغواءکر کےساڑھے چار لاکھ روپے میں فروخت کرنے والے اغواءکار گرفتار ، بچہ بازیاب

جمعہ 25 اکتوبر 2024 19:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2024ء) سیالکوٹ پولیس نے چھ ماہ کا بچہ اغواءکرکے ساڑھے چار لاکھ روپے میں فروخت کرنے والے نامعلوم اغواءکار ملزمان گرفتار کر کےبچہ بازیاب کرا لیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق گزشتہ روز تھانہ موترہ کے علاقہ دربار پنج پیر علاقہ بیڑھ والامیں دو خواتین مسمات منہاج بی بی اور اسکی بیٹی نتاشا جو اپنے 6ماہ کے کمسن بچے علی اکبر کو لیکر بھیک مانگ رہی تھیں کہ اس دوران دو نامعلوم عورتیں انکے پاس آئیں اور کہا کہ آج جمعرات ہے آپ کو پیسے ، لنگر اور کپڑے لیکر دیتے ہیں ہمارے ساتھ چلو جب دونوں نامعلوم عورتوں کے ساتھ دربار پر پہنچی تو اس دوران ایک نامعلوم شخص بسواری موٹر سائیکل آیا اور انکو سبز باغ دکھاتے ہوئے اور دھوکہ دہی سے بچہ چھین کر اغواءکر کے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

کمسن بچے کے اغواءکافوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا اورڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے 6ماہ کے کمسن بچے کی اغواءکی واردات کو ٹریس کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔جس پر ایس پی انویسٹی گیشن عثمان منیر سیفی کی سربراہی میں ڈی ایس پی ڈسکہ سرکل کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ایس ایچ او تھانہ موترہ انسپکٹر محمد توقیر اور عبدالحلیم معہ ملازمان پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں ۔

پولیس ٹیموں نے مغوی بچے کی بازیابی کے لیے جائے وقوعہ کے ارد گرد سی سی ٹی وی کیمرہ جات اور ہیومن انٹیلی جنس بیسڈ پر 25/30 کلو میٹر سفر کے بعد واردات میں ملوث نا معلوم ملزمان ارشاد بی بی ، صائمہ بی بی اور عبد الرحمن کو ٹریس کر کے گر فتار کرلیا۔دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے بچے کو اندریاس مسیح (پادری)اور مسیحی جوڑے کا شف مسیح اور اس کی بیوی عابدہ بی بی کو 4لاکھ 50ہزار روپے میں فروخت کیا ہے۔

پولیس نے اندریاس مسیح (پادری) اور مسیحی جوڑے کا شف مسیح اور اس کی بیوی عابدہ بی بی کو بھی گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے کمسن بچے کوبر آمد کر کے بچے کی والدہ کے حوالے کیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن عثمان منیر سیفی کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ، ان ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائیگی ۔