ملک بھر کی طرح سندھ کے چوتھے بڑے شہر میرپورخاص میں بھی ہندو برادری کا روشنیوں اور خوشیوں بھرا بڑا مذہبی تہوار "دیوالی" کل منایا جائے گا

UbaidUllah Kori عبید اللہ کوری جمعرات 31 اکتوبر 2024 17:20

میرپورخاص( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر 2024ء ) ملک بھر کی طرح سندھ کے چوتھے بڑے شہر میرپورخاص میں بھی ہندو برادری کا روشنیوں اور خوشیوں بھرا بڑا مذہبی تہوار "دیوالی" 01 نومبر 2024 بروز جمعہ کو جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ اس دن شام کو مغرب کے وقت شری رام چندر کی یاد میں دیئے جلا کر دیوالی کی رسومات کا آغاز کیا جائے گا۔ گھروں، مندروں اور عبادت گاہوں میں پوجا پاٹ اور آرتی کرکے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی جبکہ گھروں میں مٹھایاں اور دیگر اقسام کی اشیاء تیار کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پوج لوہانہ ہندو پنچائیت میرپورخاص کی جانب سے رات کو 9 بجے "دیوالی ملن تقریب" کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں مہمان خصوصی سابق رکن قومی اسمبلی و پوج لوہانہ ہندو پنچائیت میرپورخاص کے چیئرمین سیٹھ کشن چند پاروانی اور صدر سیٹھ کرن کمار ہری رام ہونگے جبکہ مشہور پنڈت مہاراج کشور کمار شرما آرتی اور پوجا کرائیں گے۔ اس موقع پر پٹاخے چلاکر خوشی کا اظہار کیا جائے گا۔ دوسری جانب نامور رائیٹر، ادیب و سماجی شخصیت اور ہندو ویلفیئر پنچائیت پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر پارومل پریمی نے تمام ہندو برادری کو "دیوالی" کی مبارکباد پیش کی ہے ۔