ة بابائے سیاست سابق ایم این اے چوہدری شیرعلی سخت علیل ، صحت یابی کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام

اتوار 3 نومبر 2024 18:25

( فیصل آباد(آن لائن) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے قریب عزیز پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما بابائے سیاست سابق ایم این اے چوہدری شیرعلی سخت علیل ، ان کی صحت یابی کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جس میں سابق وزیرمملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی‘ حلقہ این اے 102 کے چیئرمینز‘ وائس چیئرمینز اور مسلم لیگ (ن) کے ورکروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر چوہدری شیرعلی کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی‘ آن لائن کے مطابق دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرمملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میرے والد محترم چوہدری شیرعلی عوام کے دلوں میں بستے ہیں لوگ ان سے والہانہ محبت کرتے ہیں‘ میں ان سب لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے والد محترم کی صحت یابی کیلئے دعائیں کیں‘ انہوں نے کہا کہ خطرے کی کوئی بات نہیں ہیں‘ چوہدری شیرعلی جلد روبہ صحت ہو کر ہمارے درمیان ہوں گے اور اسی طرح مسلم لیگ (ن) کی خدمت کریں گے جیسے وہ پہلے کیا کرتے تھے‘ انہوں نے کہا کہ سابق ڈپٹی میئر ملک اکبر غوری جیسے لوگ پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں ‘اس موقع پر ملک اکبر غوری نے کہا کہ چوہدری شیرعلی خاندان نے ہمیشہ کارکنوں کی دلجوئی کی ہے‘ اچھے اور برے وقت میں کارکنوں کا ساتھ دیا ہے‘ ہمارا دل بھی ان کیلئے ترپٹتا ہے‘ ان کی خوشی میں ہماری خوشی اور ان کے غم ہمارے غم ہیں‘ ہماری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ چوہدری شیرعلی جلد صحت یاب ہو کر پوری آب و تاب کے ساتھ پہلے کی طرح کارکنوں کا حوصلہ بڑھائیں اور پارٹی کی خدمت کریں‘ یقینا چوہدری شیرعلی مسلم لیگ (ن) کا سرمایہ ہیں‘ انہوں نے کہا کہ چوہدری عابد شیرعلی آج بھی کارکنوں کے درمیان ہیں اور ان کے مسائل حل کر رہے ہیں‘ مگر افسوس لوگ ووٹ ڈالتے وقت ان کے احسانوں کو بھول جاتے ہیں اور بعد میں پچھتاتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا چوہدری شیرعلی اور چوہدری عابد شیرعلی کے ساتھ ہے۔