م*حضور ﷺ سے عشق مسلمان کی معراج اور اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعہ ہے‘حامدسعید کاظمی

اتوار 10 نومبر 2024 16:05

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2024ء) مفکر اسلام، ممتاز عالم دین، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی شاہ نے کہا ہے کہ حضور ﷺ سے عشق مسلمان کی معراج اور اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعہ ہے‘ علامہ اقبال سچے عاشق رسول ﷺ تھے قرآن پاک اور سیرت طیبہ ﷺ علامہ اقبال ؒ کی شاعری کا محور ہیں علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور ان میں آزادی کی روح پھونکی اقبال نے تصور پاکستان پیش کیا اس لے اقبال کو مصور پاکستان کہا جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن فیکلٹی آف فوڈز سائنسز اینڈ نیوٹریشن BZU ملتان کے زیرِ اہتمام ملتان یونٹی لائنز کلب اور عمر صدیق کاٹن یارن ملتان کے تعاون سے یومِ ولادت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمة اللّٰہ علیہ کے موقع پر منعقدہ سہہ روزہ تقریبات کے دوسرے روز علامہ اقبال کانفرنس بعنوان اقبال اور عشق رسول ﷺ سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

جسکی میزبانی چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن فیکلٹی آف فوڈز سائنسز اینڈ نیوٹریشن BZU ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد توصیف سلطان نے کی۔ مہمانانِ خصوصی میں چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سیفٹی، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، سجادہ نشین دربار حضرت داؤد جہانیاں ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، سابق ایم پی اے بابو نفیس احمد انصاری، صدر ملتان یونٹی لائنز کلب احمد ندیم انصاری، سی ای او انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف کنسلٹنسی سروسز شیخ عادل فاروق،، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر خرم افضل، ممتاز مذہبی سکالر پروفیسر عبدالماجد وٹو، سابق ڈی او سپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد اور ممبر ایگزیکٹو باڈی YPO رشید عباس خان شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان گرامی علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری عقل و حکمت کا سر چشمہ ہے علامہ اقبال ؒ نے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کیا علامہ اقبال کی شاعری عشق مصطفٰی ﷺ کا مظہر ہے جس میں انہوں نے فرمایا کہ قوت عشق سے ہر پست کو بالا کر دے دہر میں اسمِ محمد سے اجالا کر دے۔

علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ علامہ اقبال اسلامی اصولوں کی روشنی میں عہدِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ مملکت کا قیام چاہتے تھے انہیں اس بات کا یقین تھا کہ جب تک دنیا کی امامت و قیادت مردِ مومن کے ہاتھوں میں نہیں آے گی اس وقت تک انسانیت اسلام دشمنوں کے ہاتھوں ہلاکت و بربادی سے دو چار رہے گی اور آج اس کی زندہ مثال فلسطین دنیا کے سامنے ہے وقت ہم سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو اقبال کے خواب کی حقیقی تعبیر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میزبان، ڈاکٹر توصیف سلطان، نعیم اقبال نعیم، مہمانان اعزاز مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، بابو نفیس احمد انصاری اور ڈاکٹر محمد ریاض نے کہا کہ اقبال صرف ایک شاعر ہی نہیں بلکہ فلسفی، دانشور سیاستدان اور درویش تھے شاعر مشرق کا پیغام ہمارے لے مشعل راہ ہے امت مسلمہ سے محبت علامہ اقبال کے خون میں تھی چنانچہ مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑا دیکھ کر ان کی روح بے قرار ہو جاتی تھی امت مسلمہ سے متعلق آپ کی گہری فکر آج حرف بہ حرف پیشین گوئی پوری ہورہی ہے۔

اج ہمیں ان کی سوچ کو عملی جامہ پہنانا ہے تاکہ پاکستان امت مسلمہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکے۔ تقریب سے شیخ عادل فاروق، پروفیسر عبدالماجد وٹو، ڈاکٹر خرم افضل، احمد ندیم انصاری،سابق صدر ملتان یونٹی لائنز کلب وقاص مرید انصاری، چیئرمین پاکستان رائٹرز فورم قاری محمد عبداللہ، سلیمان الہیٰ قریشی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر عدنان،احمد رضا، ممتاز شاعر نعیم کاظمی، غلام احمد اقبال سعیدی، رشید عباس خان، علی رضا مرزا، رانا حاکم علی، ہمایوں واجد، نعیم چوہان، انعم شوکت، و دیگر نے بھی خطاب کیا اور شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال رحمة اللّٰہ علیہ کو خراج عقیدت پیش کیا آخر میں مہمانان گرامی میں علامہ محمد اقبال علمی، ادبی ایوارڈز تقسیم کئیے گئے تقریب کی نظامت کے فرائض نے سر انجام دئیے تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری محمد عبداللہ اور نعت شریف کی سعادت معروف عالم دین قاری حامد رسول سیفی نے حاصل کی۔