بھارتی اداکار ورن دھون میرے شوہر کی فین فالونگ دیکھ کر حیران رہ گئے،جویریہ سعود کا انکشاف

منگل 12 نومبر 2024 17:29

بھارتی اداکار ورن دھون میرے شوہر کی فین فالونگ دیکھ کر حیران رہ گئے،جویریہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2024ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ و میزبان جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اداکار ورن دھون ان کے شوہر اور اداکار سعود کی فین فالونگ دیکھ کر حیران رہ گئے۔جویریہ سعود نے حال ہی میں گڈ مارننگ پاکستان شو میں ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ان کے بچے جنت اور ابراہیم، ورن دھون کے بہت بڑے فین تھے اور ان سے ملنے کے خواہشمند تھے، سعود نے اپنے ایک Hدوست سے کہا کہ ورن دھون جب بھی دبئی آئیں تو انہیں لازمی بتایا جائے۔

چند دن بعد سعود کے دوست نے انہیں بتایا کہ ورن دھون فلم کی شوٹنگ کے لیے ابوظہبی میں موجود ہیں تو ہم بھی وہاں پہنچ گئے، بچوں نے ان سے ملاقات کی اورتصاویر لیں۔جویریہ کا کہنا تھا کہ ورن نے پوچھا کہ سنا ہے آپ کے شوہر بھی ایک اداکار ہیں جس پر میں نے کہا جی وہ ایکٹر ہیں میں ان سے آپ کو ملواتی ہوں۔

(جاری ہے)

جویریہ سعود کا کہنا تھا کہ سعود اس وقت باہر ایک گاڑی میں بیٹھے ہوئے تھے جو ایک کھلے میدان میں کھڑی تھی، میرے اصرار پر وہ گاڑی سے باہر آگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت وہاں کوئی تعمیراتی کام چل رہا تھا، جس میں ڈیڑھ سو کے قریب پاکستانی مزدور کام کر رہے تھے، انہوں نے سعود کو دیکھا تو ان کے ساتھ تصویریں بنانے لگے اور انہیں چھوڑنے کا نام نہیں لے رہے تھے۔ ورن دھون نے یہ سب دیکھ کر حیران ہوئے اور کہا کہ آپ کے شوہر تو بہت بڑے اداکار ہیں، ہمیں تو یہاں کوئی پوچھ ہی نہیں رہا۔واضح رہے کہ اداکار سعود 1990 کی دہائی میں پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک بڑا نام تھے، آج کل ان کا ڈرامہ سیریل بے بی باجی کی بہوئیں اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جارہا ہے جس میں ان کے ہمراہ اہلیہ و اداکارہ جویریہ سعود بھی موجود ہیں۔