بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئی تو ویلکم کریں گے: محمد رضوان

چیمپئنز ٹرافی سے متعلق فیصلے دونوں ممالک کے بورڈز نے کرنے ہیں، امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی: کپتان قومی وائٹ بال ٹیم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 نومبر 2024 11:23

بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئی تو ویلکم کریں گے: محمد ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 نومبر 2024ء ) قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئی تو اسے ویلکم کریں گے، آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں سیریز آسان نہیں ہے لیکن کوشش ہو گی کہ پاکستان کی جیت کے لیے جو بہتر ہو اسے ٹیم میں شامل کیا جائے۔ 
برسبین میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے آنے سے متعلق سوال پر محمد رضوان کا کہنا تھا بھارتی ٹیم آئے گی تو انہیں ویلکم کریں گے تاہم یہ بورڈز کے فیصلے ہیں کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں، ہمیں امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔

 
محمد رضوان نے کہا کہ جب آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہیں تو چیلنجز تو آتے ہیں، آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

پلیئنگ الیون سے متعلق سوال پر محمد رضوان کا کہنا تھا پلیئنگ الیون پر بات ہوئی ہے لیکن کچھ چیزیں سیکریٹ ہیں، میں ہمیشہ مشورے کے ساتھ کھیلتا ہوں، جو ٹیم کیلئے بہتر ہوگا وہ فیصلے کریں گے۔ 

ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا فخر زمان، افتخار احمد، محمد عامر اور شاداب خان بڑے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے کافی عرصے تک پاکستان کے لیے خدمات انجام دی ہیں، ان کی کمی آسانی سے پوری نہیں ہو سکتی۔

ہیڈ کوچ قومی ٹیم جیسن گلیسپی سے متعلق سوال پر محمد رضوان کا کہنا تھا گلیسپی کا تعلق آسٹریلیا سے ہے لیکن وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ بہت محنت کرتے ہیں اور ٹیم کو جوڑ کر رکھتے ہیں۔