امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ سالانہ کی18 اکتوبر کو ملتوی ہونیوالے پیپرز اب 18نومبرکو ہوں گے،سیکرٹری بورڈ

جمعرات 14 نومبر 2024 12:07

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2024ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے زیراہتمام ہونے والے امتحان انٹرمیڈیٹ (سیکنڈ)سالانہ 2024 کی18 اکتوبر 2024کو ملتوی ہونے والے پیپرز اب 18نومبر بروز پیرکو ہوں گے۔ قبل ازیں حکومت پنجاب کی طرف سی18 اکتوبر 2024 کو تعلیمی اداروں میں تعطیل کے اعلان کے باعث اس روز ہونے والے پہلے گروپ میں فزکس و ہوم اکنامکس جبکہ سیکنڈ گروپ میں جغرافیہ (اولڈ و نیوکورس) کے پیپرز ملتوی کر دیئے گئے تھے۔

ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد نے حکومت پنجاب کے احکامات و کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی ہدایات کی روشنی میں امتحان انٹرمیڈیٹ (سیکنڈ) سالانہ 2024کے 18اکتوبر کو ملتوی ہونے والے پیپرز کا ریوائزڈ شیڈول جاری کر دیاجس کے مطابق اب 18 نومبر 2024کو پہلے گروپ (صبح) میں فزکس اور ہوم اکنامکس جبکہ دوسرے گروپ (شام) میں جغرافیہ (اولڈ و نیو کورس) کے پیپرز ہوں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن کے مطابق متعلقہ طلباو طالبات کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر انہیں 18 نومبر کو ہونے والے پیپرز کے حوالہ سے نئی رول نمبرز سلپس نہ صرف ان کے داخلہ فارموں پر دیئے گئے گھروں کے پتہ جات پر بذریعہ یو ایم ایس بھجوا دی گئی ہیں بلکہ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہیں تاکہ اگر کسی امیدوار کو اس کی رول نمبر سلپ موصول نہ ہو تو وہ بورڈ کی ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے امتحان دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود اگر کسی طالب علم یا طالبہ کو اس کی نئی رول نمبر سلپ نہ ملے تو وہ مقررہ تاریخ 18 نومبر سے قبل تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی انٹر برانچ سے بالمشافہ رابطہ کرسکتاہے۔ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ ایجوکیشن بورڈفیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk ملاحظہ یا کنٹرولر امتحانات کے دفتری فون نمبرز 041-2517710-11 پربھی رابطہ کر سکتا ہے۔