لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی مرحوم کی سالگرہ ہفتے کو منائی جائے گی

جمعہ 15 نومبر 2024 12:08

لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی مرحوم کی سالگرہ  ہفتے کو منائی جائے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2024ء) ”لفظ پاکستان“ کے خالق چوہدری رحمت علی مرحوم کی سالگرہ کل ( ہفتہ 16 نومبر )منائی جا ئے گی۔اس موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ فیصل آباد کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں برصغیر پاک و ہند میں نئی اسلامی مملکت کےلئے ”پاکستان“ کا مقدس نام چننے پر مرحوم کو خراج تحسین و خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے صدر میاں عبدالوحیدنے کہاکہ پاکستان کا قیام لاکھوں لوگوں کی جانی اور مالی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں الگ مسلم ریاست کے قیام کےلئے پاکستان کا نام دینے کا تمام تر کریڈٹ چوہدری رحمت علی مرحوم کو جاتا ہے، اگرچہ انہوں نے خطے میں آزاد مسلم ریاست کے قیام کےلئے بھی زبردست جدوجہد کی لیکن لفظ پاکستان کے انتخاب کی وجہ سے ان کو ہر دور میں دیگر اکابرین پر واضح فوقیت حاصل رہی،ان کا شمار تحریک پاکستان کے سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ا ن کا کہنا تھا کہ نہ صرف پوری پاکستانی قوم بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا لفظ امت مسلمہ کے استعارے کے طور پر استعمال ہورہاہے اور اس کےلئے ہم چوہدری رحمت علی کی دور اندیشی اور فکری بصیرت کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے حالات کی وجہ سے چوہدری رحمت علی کے جسد خاکی کو دیار غیر میں ہی سپرد خاک کرنا پڑا اوربدقسمتی سے انہیں اس پاک دھرتی میں دفن نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے چوہدری رحمت علی کو قومی نصاب کا حصہ بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سے نوجوان نسل کو اپنے اکابرین کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا۔\932