روس کایوکرائن پر حملہ، تاریخ میں پہلی بار کسی جنگ میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا استعمال

جمعرات 21 نومبر 2024 20:00

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2024ء) یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلینسکی نے روس کی جانب سے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے استعمال کا دعویٰ کردیا۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ روس نے ایک نئے میزائل کا استعمال کیا ہے ،اس کی تمام خصوصیات اس جانب اشارہ کرتی ہیں کہ وہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تھا۔

روس کی جانب سے بین البراعظمی میزائلوں کا استعمال گزشتہ دو روز کے دوران یوکرین کی جانب سے امریکی اور برطانوی میزائلوں کے ذریعے روسی علاقوں میں حملے کے بعد سامنے آیا ہے، تاہم روس کی جانب سے اب تک ان میزائلوں کے استعمال کی تصدیق نہیں کی گئی۔غیر ملکی ماہرین کے مطابق اگر یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ روس نے یوکرائن پر حملے میں بین البراعظمی میزائل استعمال کیا ہے تو یہ جنگی تاریخی میں کسی بین البراعظمی میزائل کا پہلا استعمال ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری یوکرینی فوج نے کہا ہے کہ روسی حملے میں کنزہل ہائپرسانک میزائل اور 7کے ایچ 101کروز میزائل بھی داغے گئے جن میں سے 6میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔یوکرائنی میڈیا نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے مبینہ طور پر آر ایس 26 بین البراعظمی بیلسٹک میزائل استعمال کیا گیا ہے،یہ میزائل 5ہزار 800کلومیٹر کے فاصلے تک ایٹمی وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے کم فاصلوں تک زیادہ وزنی روائتی وارہیڈ لے جانے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔