عوامی نیشنل پارٹی ضلع صوابی کاضلع کرم میں واقعات ، صوبے میں بدامنی کیخلاف جہانگیرہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ

پیر 25 نومبر 2024 19:45

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2024ء) عوامی نیشنل پارٹی ضلع صوابی نے ضلع کرم میں چھڑپوں اور اس میں کئی لوگوں کی ہلاکتوں کے واقعات اور صوبے میں بدامنی کے خلاف ضلعی صدر آصف الرحمن کی قیادت میں جہانگیرہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین صوابی ،جہانگیرہ روڈ پر جمع ہوئے اور حکومت کی ناکامی کے خلاف پلے کارڈ اٹھاتے ہوئے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے سڑک بلاک کر دی۔

سابق وزیر برائے جنگلات اول شیر خان نے کہا کہ پختون کی زمین پر بہت خون بہایا گیا ہے اور ہم مزید خونریزی کے متحمل نہیں ہو سکتے ، حکومت امن کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کے علاوہ عوام کو تحفظ فراہم کرے۔ چاہے آپ کہیں بھی ہوں، چاہے آپ سنی ہوں یا شیعہ، سب مسلمان ہیں، سب ہمارا بھائی ہیں، ہم اس سرزمین پر امن چاہتے ہیں ،بھائیوں اور بہنوں کی طرح رہنا چاہتے ہیں تاکہ ہم ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

اے این پی کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری سلیم خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت عملی اقدامات کرے اور یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ صوبائی حکومت ایک شخص کو رہا کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے لیکن وہ کرم میں لوگوں کے قتل کو روکنے کے لیے کام نہیں کر رہی ہے۔ ضلعی صدر آصف الرحمن نے کہا کہ اے این پی خان عبدالغفار خان کے عدم تشدد کے فلسفے پر یقین رکھتی ہے اور مکمل عزم اور طاقت کے ساتھ امن کے لیے کام کر رہی ہے اور پاراچنار میں امن کے لیے کوشش کر رہی ہے۔

توصف اعجاز، سینئر نائب صدر اور تحصیل صدر رزڑ محمد اشفاق خان نے کہا کہ عوام کے لیے یہ بہت تکلیف دہ ہے، بے گناہ لوگ مارے گئے، بچے مارے گئے، نوجوان لڑکیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔ امن زندگی، ترقی اور خوشحالی کا نام ہے اور ہم نے پاراچنار میں لوگوں کے قتل کی شدید مذمت کی۔