یو ای ٹی لاہور کے زیراہتمام سوک ایجوکیشن کے موضوع پرسیمینار کا ا نعقاد

منگل 26 نومبر 2024 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2024ء) یو ای ٹی لاہور میں سوک ایجوکیشن کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد۔ کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی یو ای ٹی لاہور، پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سینٹر فار پیس اینڈ سیکولر اسٹڈیز کے اشتراک سے منعقدہ اس سیمینار میں وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر بطورمہمان خصوصی شریک ہوئے اور شرکاء سے خطاب کیا۔

سیمینار کا مقصد یونیورسٹی طلباء میں شہری اقدار اور انکی ذمہ دارشہریوں کی تشکیل میں اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں آئی ٹی یونیورسٹی کے ڈاکٹریعقوب خان بنگش بطور مہمان مقررشریک ہوئے اور جامعات میں شہری تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سماجی ذمہ داری، رواداری اور امن کے فروغ میں سوک ایجوکیشن کے کردارپرگفتگو کی۔

(جاری ہے)

پی ایچ ای سی سے ڈاکٹر آصف منیر،سینٹرفار پیس اینڈ سیکولر اسٹڈیز کی ڈائریکٹردیپ سعیدہ،تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان سمیت طلبائ کی کثیر تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے محض سیکھنے کی جگہ نہیں ہیں۔ یہ وہ جگہیں ہیں جہاں خیالات کی پرورش کی جاتی ہے، جہاں ذہنوں کی تشکیل ہوتی ہے، اور جہاں مستقبل کے رہنما تشکیل پاتے ہیں۔ معاشرے میں امن و امان اور پرامن زندگی کے لیے صبر و تحمل کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا، سیاسی، سماجی، مذہبی اور فکری رہنما لوگوں کو اچھے اخلاق اور صبر کا درس دیں جب کہ اساتذہ طلبہ کو اخلاقیات سکھائیں اور ان کی تربیت کریں، ہمارا معاشرہ کسی قسم کے فساد کامتحمل نہیں ہو سکتا۔

سینٹرفار پیس اینڈ سیکولر اسٹڈیز کی ڈائریکٹردیپ سعیدہ نے کہاکہ تعلیم کا مقصد معلومات کی ترسیل کی بجائے حقیقی معنوں میں سماجی تبدیلی لانا مقصود ہے۔ تعلیمی ادارے نہ صرف علم و دانش کے مراکز ہیں بلکہ کردار، ہمدردی اور باضمیر شہریت کے گڑھ بھی ہیں۔ یہ سیمینارجامعات میں سوک ایجوکیشن کے فروغ کی راہ ہموار کرے گی۔ سیمینار کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔