زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 7 طلبہ کو سٹارٹ اپ کمپنی کے اجرا کیلئے فنڈز مہیا کر دئیے گئے

جمعرات 28 نومبر 2024 20:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2024ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم سٹوڈنٹ سٹارٹ اپ بزنس سنٹر کے تحت اختراعی سوچ کے حامل 7 طلبہ کو سٹارٹ اپ کمپنی کا اجراء کرنے کے لئے فنڈ مہیا کئے گئے جس کا مقصد علم پر مبنی معیشت کو فروغ دیتے ہوئے کاروبار کے لئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ طلبہ میں کاروباری مہارتوں کو پروان چڑھانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ نوکری تلاش کرنے کی بجائے نوکری فراہم کرنے والے بنیں۔

انہوں نے کہا کہ علم پر مبنی معیشت ہی ترقی کی نئی منازل طے کر رہی ہیں اور ہمیں اپنے معاشی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ٹھوس تحقیقات عمل میں لانا ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زراعت کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لئے جدید طریقہ کاشت کو اپنانا ہو گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عمران ارشد، ڈائریکٹر بزنس انکوبیشن سنٹر ڈاکٹر افتخار علی، ٹریژرر سید ذیشان اشفاق بخاری، ڈاکٹر خرم ضیاء، ڈاکٹر محمد نوید، ڈاکٹر سائرہ اختر، فاروق احمد، عمران منور و دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں عماد احمد کو ریمورٹ اریگیشن، منیبہ جاوید کو بچوں کی غذاء، ماہم گل کو انٹیریئر ڈیزائن، زین عباس کو پیورسنس، علی حسنین کو ایگری کونیکٹ، حمزہ علی کو فلورا آرٹیسن اور شیعان ارشد کو انفوسمیشر کے سٹارٹ اپ کے لئے چیک دیئے گئے۔