آغا خان یونیورسٹی اسپتال اورآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے درمیان معاہدہ

جمعرات 28 نومبر 2024 22:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2024ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی اورآغا خان یونیورسٹی ہوسپٹل اینڈمیڈیکل کالج فاونڈیشن کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کا بنیادی مقصد دونوں اداروں کے درمیان صحت و نگہداشت سے متعلق آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے میں تعاون بڑھانا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرفرزانہ شاہین اورآغا خان یونیورسٹی اسپتال میں نیروسرجری کے پروفیسراورسینٹر فار ریجنریٹو میڈیسن اینڈ اسٹیم سیل ریسرچ کے ڈائریکٹرپروفیسرسید اطہر انعام نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں جمعرات کو منعقدہ ایک اجلاس کے دوران مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بین الاقوامی مرکز کے پروفیسر ڈاکٹر شبانہ سمجی، ڈاکٹر ریاض الدین اور سید شہزاد اقبال نقوی سمیت دیگر آفیشل موجود تھے۔ پروفیسرفرزانہ شاہین نے معادہدے پر دستخط کیے جانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس(اے آئی)ان ہیلتھ سائینسز اے آئی کے عنوان سے سینٹرمیں آنٹرپرونارشپ کے فروغ کے لیے بھی کوشش کی جارہی ہے جبکہ یہی سینٹر ہیلتھ سائینسز میں اے آئی ایپلی کیشنز پر کام کرنے والے اسٹارٹ اپ کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیتا ہے اور اپنے اے آئی انکیوبیشن سینٹر کے ذریعے اے آئی ٹولزکو تجارتی بنانے کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی دراصل کیمیائی، حیاتیاتی اور بائیو میڈیکل علوم کا سب سے نمایاں ادارہ ہے جہاں دنیا بھرکے طالبِ علموں کے لیے اعلیٰ معیاری تعلیمی اور تحقیقی سہولیات موجود ہیں۔ انھوں نے کہاکہ معاہدے کا مقصد صرف تعاون کو فروغ دینا ہی نہیں ہے بلکہ اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بھی کرنا ہے جس طلبہ اور محققین یکساں طور پر مستفید ہوں گے۔

پروفیسراظہر انعام نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں موجود تعلیم و تحقیق سی متعلق سہولیات کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی اسپتال کا مشن ترقی پذیر دنیا میں عالمی معیار کی تدریس، تحقیق اور صحت و نگہداشت کی فراہمی کے ذریعے معیارِ زندگی بلند کرنا ہے۔ دونواداروں نے جوائنٹ ریسرچ پرگرام، مشترکہ سائنسی اشاعتوں،صحت اور طبی تحقیق کا ڈیٹا شیئر کرنے اور ٹیکنالوجی پر استوار صحت و نگہداشت کے سولوشن تیار کرنے کے میدان میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔