سپیشل مجسٹریٹ پرائس کنٹرول ضلع میر پور کی منگلا کی حدود میں غیرقانونی پٹرول سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائی

جمعہ 29 نومبر 2024 18:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2024ء) چیف انسپکٹر آتش گیر مادہ آزاد کشمیر امجد علی مغل کی ہدایت پر سپیشل مجسٹریٹ پرائس کنٹرول ضلع میر پورراجہ وسیم افضل نے ہمراہ محمد اعجاز انسپکٹر اوزان و پیمائش ضلع میرپور میں منگلا کی حدود میں غیر قا نو نی پٹرول سیل پوائنٹس کو سیل کر دیا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیف انسپکٹر آتش گیر مادہ آزاد کشمیر امجد علی مغل نے کہا کہ معیار اور مقدار کے لحاظ سے مکمل پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ اور کمی وبیشی سے براہ راست نقصان عوام الناس کا ہورہا ہے، محکمہ کا فیلڈ سٹاف کسی بھی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صنعت وتجارت نے آزاد کشمیر میں پرائس کنٹرول کی موثر نگرانی کے لیے شکایات سیل قیام کر دیا ہے، ریاست بھر سے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی طرف سے جاری شدہ انراخ پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن پر شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف انسپکٹرآتش گیر مادہ آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ کے مجسٹریٹ اور ضلعی انتظامیہ عوامی شکایات کے ازالے کے لئے کارروائی کریں اور غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات قائم کرنے والوں کے خلاف ضابطہ کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں۔