یونیورسٹی آف سرگودھا میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

جمعہ 29 نومبر 2024 22:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ سوشیالوجی اینڈ کرمنالوجی کے زیر اہتمام خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، ممبر چیمبر آف کامرس قیصرا اسماعیل، انچارج ہراسمنٹ سیل ضلع سرگودھا مس سمیعہ، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ محمد نعیم، دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار میں خواتین پر ہونے والے تشدد کے مختلف پہلوؤں اور پر امن و مہذب معاشرے کی تشکیل پر روشنی ڈالی گئی۔پروفیسر ڈاکٹر غلام یاسین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم اور آگاہی کے ذریعے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نہ صرف تعلیم فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے بلکہ مساوات اور انصاف کی قدروں کو فروغ دینے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو معاشرے میں امن قائم کرنے، انسداد تشدد اور احترام و سلامتی کا ماحول پیدا کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ،تب ہی امن پر مبنی مہذب معاشرہ کا قیام ممکن ہے۔قیصرا اسماعیل نے خواتین کے معاشی استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام خواتین کو خود مختار بناتا ہے اور تشدد کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، خواتین کے حقوق کی حفاظت کے لیے اجتماعی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

مس سمیعہ نے دفاتر میں خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنے ادارے کی کارکردگی اور موجودہ قوانین پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی سطح پر ہراسمنٹ کے خاتمے کے لیے سخت پالیسیوں اور عوامی شمولیت کی ضرورت ہے۔ ایڈووکیٹ محمد نعیم نے خواتین پر ہونے والے تشدد کے قانونی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عوام کو خواتین کے حقوق کے قوانین سے آگاہی دینے اور قانونی وسائل کے بہتر استعمال کی ضرورت ہے۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے اور ایک مساوی و انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :