جامعہ تربت میں مختلف انڈرگریجویٹ بی ایس پروگراموں میں داخلے

ہفتہ 30 نومبر 2024 15:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2024ء) جامعہ تربت میں سپرنگ 2025سیشن کے لیےمختلف انڈرگریجویٹ بی ایس پروگراموں میں داخلے کے لیے 30نومبر کو جامعہ تربت کے ملٹی پرپزہال اور مختلف لیکچرتھیٹرزمیں انٹری ٹیسٹ منعقدکئے گئے جس میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بارہ سو سے زائد امیدواروں نے شرکت کی، جن میں چالیس فیصد سے زائدخواتین طالبات تھیں۔

یادرہے کہ جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی خصوصی ہدایات پر یونیورسٹی نے تربت سٹی، ہوشاب، ناصر آباد اور دیگر نواحی علاقوں سے جامعہ تربت کے مین کیمپس تک لانے اور واپس لے جانے کے لئے امیدواروں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کا انتظام کیاگیاتھا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے داخلہ کمیٹی سمیت ان تمام فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے انٹری ٹیسٹ کے صاف و شفاف اور موثر انعقاد کو یقینی بنانے اورپورے داخلہ سرگرمیوں کے دوران اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کیاہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر کا کہناتھاکہ اس پورے عمل کے دوران یونیورسٹی کی ٹیم ورک کا جذبہ قابل تعریف رہاہے۔اس موقع پر رجسٹرارگنگزاربلوچ،ایڈمیشن کمیٹی کے سربراہ مظفرحسین اور شعبہ انگلش کے اسسٹنٹ پروفیسرعدنان ریاض نے انٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر ایڈمیشن کمیٹی اور یونیورسٹی کمیونٹی کاشکریہ اداکیا۔ امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ کے موثر انعقادکے لئے یونیورسٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

رجسسٹرار نے کہا کہ میرٹ لسٹ بہت جلد یونیورسٹی کی ویب سائیٹ، سوشل میڈیا اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹ میں آویزاں کی جائے گی۔یاد رہے کہ شعبہ تعلیم کے بی ایڈ پروگرام میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ این ٹی ایس کے زیراہتمام بروزاتوار یکم دسمبر2024 کو یونیورسٹی اف تربت کے لاء ڈیپارٹمنٹ، سٹی کیمپس جو کمشنر آفس کے قریب واقع ہے ] میں منعقد کئے جائیں گے، جس میں تین سو پچاس امیدوار حصہ لیں گے۔