کنیئرڈ کالج فار وومن یونیورسٹی میں دفتر محتسب پنجاب کے حوالے سے آگاہی پروگرام

پیر 2 دسمبر 2024 17:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2024ء) دفتر صوبائی محتسب پنجاب کی آگاہی مہم کے سلسلہ میں کنیئرڈ کالج فار وومن یونیورسٹی میں ایک سیمنار کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت پرنسپل کنیئرڈ کالج فار وومن یونیورسٹی ارم صاحبہ نے کی۔ صوبائی محتسب کے میڈیا ایڈوائزر عبدالباسط خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس ادارے کی افادیت اور تیزی سے انصاف فراہم کرنے کی صلاحیت سے طالبات کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دفتر محتسب پنجاب انصاف کا ادارہ سستا اور بروقت انصاف 45سے 60دنوں کے اندر فراہم کرتا ہے جس میں کسی وکیل کی ضرورت نہیں ہوتی اور پورے پنجاب کے تمام اضلاع میں ایڈوائزز ہمہ وقت عوام کی خدمت کیلئے دستیاب ہیں اور اس کی ہیلپ لائن 1050پر 24گھنٹے اپنی شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر رجسٹرار صوبائی محتسب شاہد عباس نے شکایت درج کروانے سے متعلق مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔

شاہد عباس کا کہنا تھا کہ محتسب پنجاب کسی بھی شکایت پر ازخود نوٹس لے سکتے ہیں۔ مختلف محکموں کی ممکنہ خامیوں کو نہ صرف اجاگر کرتے ہیں بلکہ حکومت پنجاب کو اس سلسلے میں اس پر قابو پانے میں حکمت عملی وضع کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر (میڈیا(سید سبطِ حیدر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پبلک ریلیشنز)عادل اصغر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں پرنسپل ارم صاحبہ نے میڈیا ایڈوائزر عبدالباسط خان کو سونیئر اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔