کسی بھی ادارے کا کامیاب ورکر وہی ہوتا ہے جو اپنی ڈیوٹی لگن اور دیانتداری سے سرانجام دے، وائس چانسلر

بدھ 4 دسمبر 2024 17:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2024ء) وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے بالخصوص بڑے تعلیمی ادارے کا کامیاب ورکر وہی ہوتا ہے جو اپنا کام اور ڈیوٹی ہمت، حوصلہ، لگن اور دیانتداری سے سرانجام دے۔ سرگودھا یونیورسٹی نے گزشتہ دو برسوں میں تعلیمی اور انتظامی سطح پر جو غیر معمولی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہ ہمارے اساتذہ، انتظامی افسران اور اسٹاف کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہیں۔

بطور وائس چانسلر مجھے جو ٹیم ملی ہے مجھے اس پر بہت فخر ہے جس کی بدولت آج ادارے کا شمار ملک بھر کی صفِ اوّل کی جامعات ہونے لگا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کے اعزاز میں سالانہ عشائیہ، حج و عمرہ کی قرعہ اندازی، بہترین سٹاف ایوارڈ 2024 اور باہمی یاداشت کے سمجھوتوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس عظیم الشان اور غیر معمولی تقریب میں ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز جن میں لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی، گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، تھل یونیورسٹی بھکر پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار،یونیورسٹی آف جھنگ پروفیسر ڈاکٹر فہیم آفتاب شامل تھے جبکہ اس موقع پر ممبر سنڈیکیٹ ثناء اللہ، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، یونیورسٹی ڈینز، مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور، پرنسپل صاحبان اور گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اس عظیم الشان تقریب میں جب وائس چانسلرز پنڈال میں داخل ہوئے تو انہیں پنجاب کی ثقافت کی روایتی پگ اور خواتین وائس چانسلرز کو چادریں پیش کی گئیں نیز اس موقع پر گھوڑا ڈانس کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس موقع پریونیورسٹی سٹاف کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہون نے حج و عمرہ کے 20 خوش نصیبوں کو خصوصی مبارک باد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ آج سرگودھا یونیورسٹی تعلیمی اُفق پر اس لئے نمایاں ہے کیونکہ ہمیں ایک اچھے لیڈر کی قیادت نصیب ہوئی ہے جن کے وژن پر عمل کرتے ہوئے آج ہم نے بہت سے سنگ میل عبور کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سرگودھا یونیورسٹی کے گریڈ 1 تا 16 کے سٹاف کو دوکیٹیگریز کے72 ملازمین کو بہترین سٹاف کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ امید کرتے ہیں کہ ہمارے یہ ملازمین اپنے کام کو مزید جانفشانی اور محنت سے سرانجام دیں گے اور ادارے کا نام روشن کریں گے۔ اس موقع پر رجسٹر ار یونیورسٹی وقار احمد، شعبہ اُردو کے استاد، طارق حبیب اور حج و عمرہ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے بھی خطاب کیااور وطن عزیز اور ادارے کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی۔

تقریب میں وائس چانسلر نے مختلف جامعات کے سربراہان کے ساتھ باہمی یادداشت کے سمجھوتوں پر بھی دستخط کئے جن کی رو سے یونیورسٹی آف سرگودھا اور دیگر جامعات مختلف تعلیمی، تحقیقی و انتظامی شعبہ جات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے تمام معزز مہمان وائس چانسلرز کو یادگاری سونیئر بھی پیش کئے۔