گورنمنٹ ڈگری کالج برخلوزو میں انسدادِ بد عنوانی بارے آگاہی سیمینار کا انعقاد

جمعہ 6 دسمبر 2024 17:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2024ء) خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی محمد ریاض کی سربراہی میں گورنمنٹ ڈگری کالج برخلوزو میں انسدادِ بد عنوانی کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں اساتذہ کرام، طلباء اور علاقے کی سماجی و سیاسی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام میں طلباء کی جانب سے بدعنوانی کے موضوع پر تقاریر پیش کی گئیں۔ بدعنوانی کے منفی اثرات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ناسور دنیا بھر میں سلامتی اور استحکام کے لیے خطرے کا باعث بنتی ہے، معاشی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرتی ہے، جمہوریت اور انسانی حقوق کو کمزور کرتی ہے، سرکاری اداروں پر اعتماد کو ختم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے بدعنوانی کے روک تھام میں ہمیں بھر پور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انسدادِ بدعنوانی پر روشنی ڈالیں، عوام میں آگاہی، شعور و بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری، دیانت داری اور اصول پسندی کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں۔ ہم سب نے مل کر بدعنوانی کے خاتمے اور معاشرے کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنا ہوگا۔ تمام شرکاء نے بد عنوانی کے خلاف اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے کا عزم کیا۔