یو ای ٹی لاہور میں ای کیٹ اور نان ای کیٹ انڈرگریجوایٹ پروگرامز میں داخلے جاری

آخری تاریخ9دسمبرہے،رواں سال یو ای ٹی کا انٹری ٹیسٹ 21اور 22دسمبر 2024کو ہوگا

جمعہ 6 دسمبر 2024 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2024ء)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)لاہور اور اس کے سب کیمپسز میں پنجاب کے ڈومیسائل ہولڈرامیدواران کیلئے انڈر گریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کے لئے بہار 2025کی رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے۔ آن لائن درخواست فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 9دسمبر 2024ہے۔ طلبا نان ای کیٹ پروگرامز کے لیے 25سو روپے جبکہ ای کیٹ اور نان ای کیٹ دونوں پروگرامز میں مشترکہ رجسٹریشن کے لیے 5ہزار روپے کی ادائیگی پر آن لائن ٹوکن خریدیں گے۔

طلبا ایڈمیشن پورٹل (admission.uet.edu.pk) پر جا کر آن لائن ٹوکن حاصل کر سکتے ہیں، جہاں داخلے سے متعلق تمام معلومات بھی دستیاب ہیں۔ رواں سال یو ای ٹی کا انٹری ٹیسٹ 21اور 22دسمبر 2024ء کو منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

طلبا 11دسمبر تک اپنے ایڈمٹ کارڈز پرنٹ کر سکیں گے اور انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 23دسمبر 2024کو کیا جائے گا۔ ای کیٹ میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویو 30دسمبر 2024ء سے 3جنوری 2025ء تک ہوں گے۔

نان ای کیٹ پروگرامز میں رجسٹرڈ طلبا کی انٹرویو سلپس 23دسمبر 2024ء کو جاری کر دی جائیں گی۔ جبکہ پہلی میرٹ لسٹ 10جنوری 2025ء کو ایڈمیشن پورٹل پر دستیاب ہوگی۔یو ای ٹی لاہور کیمپس میں چار سالہ پروگرامز اے آئی، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا سائنس، کمپیوٹر سائنس، روبوٹکس اینڈ انٹیلی جنس سسٹمز، اپلائیڈ کمپیوٹنگ، انفارمیشن سسٹمز ٹیکنالوجی اور گیمنگ اینڈ اینیمیشن میں آفٹر نون کلاسز ہوں گی۔

ان پروگرامز میں داخلے کے لیے طلبا کا ای کیٹ میں کامیاب ہونا ضروری ہے۔اسی طرح یو ای ٹی نیو کیمپس کالا شاہ کاکو میں سافٹ ویئر انجینئرنگ، کمپیوٹر انجینئرنگ اور انفارمیشن سسٹمز ٹیکنالوجی کے چار سالہ پروگرامز میں ای کیٹ میں کامیاب طلبا کی مارننگ کلاسز ہوں گی۔ جبکہ یو ای ٹی فیصل آباد، رچنا اور نارووال کیمپسز میں کمپیوٹر سائنس اور کمپیوٹر انجینئرنگ پروگرامز میں کامیاب امیدواروں کیلئے مارننگ کلاسز فراہم کی جائیں گی۔نان ای کیٹ پروگرامز میں انٹیریئر ڈیزائن، بی بی آئی ٹی، بی بی اے اور بائیو میڈیکل سائنسز جیسے پروگرامز شامل ہیں۔ مذکورہ تمام معلومات یو ای ٹی کے ایڈمیشن پورٹل پر فراہم کی گئی ہیں، جہاں طلبا مزید تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔