وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا این اے 127میں مصروف ترین دن

علاقہ مکینوں سے ملاقات ،مسائل سنے ،جلد از جلد حل کروانے کی یقین دہانی

ہفتہ 7 دسمبر 2024 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2024ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اپنے حلقہ این اے 127 میں مصروف ترین دن گزارا۔وفاقی وزیر حلقہ کے لوگوں کے گھر گئے اور انکے غم اور خوشی میں شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ جنرل کونسلر ڈاکٹر ریاض کے گھر گئے اور اہلخانہ سے ملاقات کی ، انہیں بیٹی کی شادی پر مبارکباد دی ۔

وفاقی وزیر نے مسلم لیگ کے دیرینہ کارکن قدرت اللہ سے انکے گھر ملاقات کی اور انکی پارٹی خدمات اور پارٹی سے بے لوث محبت پر تعریف کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے علاقہ مکینوں سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل سنے اور انہیں جلد از جلد حل کروانے کی یقین دہانی کروائی جبکہ حلقہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے کرسمس کی آمد کے سلسلہ میں علاقہ میں کرسمس کی تیاریوں کے حوالے سے بھی معاملات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

عطااللہ تارڑ نے دلکش روڈ کی تعمیر کے فوری احکامات جاری کیے اور علاقہ کی دیگر سڑکوں کی مرمت اور خراب سٹریٹ لائٹس کا مسلہ حل کرنے کا حکم دیا۔بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات وائس چیرمین یونین کونسل 235 رمضان گجر کی پھوپھو کی وفات پر فاتحہ خوانی کے لیے انکے گھر گئے۔ وفاقی وزیر انصر جمیل لیبر کونسلر کے گھر بھی گئے اور انہیں انکی بیٹی کی شادی پر مبارک باد اور نو بیاہتا جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

وفاقی وزیر نے حلقے میں ایک معذور بزرگ سے بھی ملاقات کی, بزرگ نے اپنی ٹوٹی ویلی چیئر کے بارے میں عطااللہ تارڑ کو بتایا تو وفاقی وزیر نے بزرگ کیلے فوری نئی ویل چیئر دینے کا اعلان کیا۔ عطا اللہ تارڑ مسلم لیگی ورکر حماس کے گھر بھی گئے اور ان سے ان کی دادی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔