نیکٹا کے زیر اہتمام دو روزہ امن پوسٹر نمائش کا انعقاد

ہفتہ 7 دسمبر 2024 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2024ء) نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی(نیکٹا) نے پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے تعاون سے اپنی آرٹ گیلری میں دو روزہ امن پوسٹر نمائش کا انعقاد کیا۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نمائش کا معائنہ کیا اور نوجوان فنکاروں کے تخلیقی کام کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق گیلری میں آویزاں پوسٹرز/پینٹنگز نیکٹا کے پانچویں پوسٹر مقابلہ 2024 میں وصول کی گئیں۔

مقابلے میں تین مختلف کیٹگریز کے شرکا نے اپنے اندراج بھیجے۔  نمائش کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل کمیونی کیشنز اینڈ آئوٹ ریچ نیکٹا صالحہ ذاکر شاہ نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین، سینئر تجزیہ کار عدنان خالق بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر انعم ایاز، تجزیہ کار حیدر عباس، جونیئر اینالسٹ محمد ادریس خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سلیمان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ججز نے انٹریز کا جائزہ لیا اور تینوں کیٹیگریز میں فائنلسٹ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پہلی کیٹیگری میں 10 سے 15 سال کی عمر کے ساتھ زہرہ کاشف نے پہلی، مومن ہارون نے دوسری جبکہ انایا طارق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دوسری کیٹیگری میں 16 سے 20 سال کی عمر میں پہلی پوزیشن صفا جاوید، علینہ قیوم نے دوسری اور ماریہ آفاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تیسری کیٹیگری میں 21 سے 30 سال کی عمر میں ثنا بتول نے پہلی، ہمنا حیدر نے دوسری اور انعم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تمام کیٹیگریز میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔ اس موقع پر صالحہ ذاکر شاہ نے تمام فاتحین کو ان کے تخلیقی کاموں کی تعریف کی اور پاکستان کو ایک پرامن ملک بنانے کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا۔ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس راولپنڈی ڈویژن سجاد حسین نے اپنے خطاب میں امن کے فروغ میں نیکٹا کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو مثبت طور پر ظاہر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔