بہاولنگر وزیر اعلیٰ پنجاب کے گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی فراہمی کی تقریب

Rana Saqib Saleem رانا ثاقب سلیم جمعرات 12 دسمبر 2024 17:45

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 دسمبر2024ء)  وزیر اعلیٰ پنجاب کے گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت ضلع بہاولنگر میں قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی فراہمی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی خصوصی شرکت۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی سہیل خان زاھد کا کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے زراعت کی ترقی کے لئے ایک اہم قدم ہے۔

اس پروگرام کے تحت30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی گئی ہے۔ اس سے قبل کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی فراہمی پر اتنی بڑی سبسڈی نہیں دی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی شفافیت سے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسانوں کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور کسان کارڈ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

کسان کارڈ کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کو فائدہ دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی  چوہدری کاشف نوید پنسوتہ کا کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام کے ذریعے صوبہ میں زرعی میکانائزیشن کو فروغ ملے گا۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی میاں فدا حسین وٹو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق گرین ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی سے لے کر فراہمی تک کے تمام مراحل کا سسٹم میکانائزڈ طریقے سے انجام دہی تک پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کے ذریعے جیتنے والے کاشتکار ٹریکٹرز کے ذریعے نہ صرف اپنی زمینوں کو آباد کریں گے بلکہ اپنے علاقے کے دیگر کاشتکاروں کو بھی اس ٹریکٹر سے مستفید کریں گے۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چیرمین صاف پانی اتھارٹی چوہدری زاہد اکرم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن کاشتکار کی ترقی اور پنجاب کی خوشحالی ہے۔ پنجاب حکومت نے انتہائی قلیل عرصہ میں زراعت کی ترقی کے لئے منصوبے بنائے جن پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈاکٹر محمد اشفاق نے بتایا کہ آج ضلع بہاولنگر میں 502 گرین ٹریکٹرز  کاشتکاروں کو ڈلیور کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کو حل کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو افتاب حسین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین محکمہ زراعت توسیع کے تمام افسران اور عملہ کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔ گرین ٹریکٹرز پروگرام کی قرعہ اندازی کی تقریب میں سیاسی شخصیات اور کاشتکاروں اور میڈیا نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔