علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام تلفظ کی تدریس پر ایک روزہ ورکشاپ

جمعہ 13 دسمبر 2024 16:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام ریجنل انگلش لینگویج آفس کے تعاون سے تلفظ کی تدریس پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوئی۔ ورکشاپ میں ماہرین تعلیم و لسانیات اور ریلو ایکسیس سٹیشنز بھکر، میانوالی اور اٹک سے شرکاءنے شرکت کی تاکہ انگلش تلفظ کی تدریس کے جدید اور موثر طریقے تلاش کیے جا سکیں۔

ورکشاپ کی مہمان خصوصی نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نور آمنہ تھیں جنہوں نے انگریزی زبان کی تدریس کو بہتر بنانے کے لیے اس قسم کی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر نور آمنہ نے شرکا کو اس بات کا پابند کیا کہ وہ یہاں سے حاصل کی جانے والی تکنیک اور مہارت کو اپنے دوسرے ساتھیوں تک پہنچائیں تاکہ تدریس کے عمل کو مزید موثر اور معیاری بنایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ اساتذہ اور طلبہ اس سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں یونیورسٹی آف اوریگون امریکا کی ڈاکٹر پیٹریشیا پشبی نے بطور ٹرینر شرکت کی۔ ڈاکٹر پشبی نے تلفظ کی تدریس میں اپنی وسیع مہارت کی بنیاد پر نہایت دلچسپ سیشنز پیش کیے جنہیں شرکاء نے انٹر ایکٹو اور معلوماتی طور پر بہت سراہا۔ ریجنل انگلش لینگویج آفیسر ڈاکٹر جیریلوڈ فرینک نے اس ورکشاپ کے انعقاد میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ریلو کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کی سرگرمیاں ملک بھر میں انگریزی زبان کی تدریس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

چیئرپرسن شعبہ انگریزی ڈاکٹر کمال خان نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اس قسم کی ورکشاپس نہ صرف اساتذہ کی تدریسی مہارتوں کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہیں، بلکہ یہ ان کے تدریسی طریقوں میں جدت اور موثر تدابیر کے اضافے کا باعث بھی بنتی ہیں۔ ڈاکٹر کمال خان نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی یہ کوشش رہی ہے کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی تربیت کے لیے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں اور اپنے طلبہ کو بہترین تعلیم فراہم کر سکیں۔ اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ انگریزی ڈاکٹر راشدہ عمران نے افتتاحی تقریب کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیئے اور پروگرام کو کامیابی سے منظم کیا۔

متعلقہ عنوان :