خواتین یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے زیراہتمام پہلی دو روزہ بین الاقوامی ادبی کانفرنس 2024ءشروع ہوگئی

پیر 16 دسمبر 2024 17:55

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2024ء) خواتین یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے زیراہتمام پہلی دو روزہ بین الاقوامی ادبی کانفرنس 2024ءشروع ہوگئی ۔ترجمان کے مطابق کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی صدارت کے فرائض رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے سرانجام دئیے جبکہ مہمان اعزاز رجسٹرار دی خواتین یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان تھیں ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ حسین نے شعبہ اردو کے قیام اور کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے بتایا ک شعبہ اردو کے زیراہتمام یہ پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا اور ایسے مخصوص موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے جس کے نتائج بہت فائدہ مند ثابت ہوں گے ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ معاصر عہد میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے نتیجے میں اردو ادب کے امکانات اور اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،تمام اصنافِ ادب معاصر عہد کے تقاضوں سے پوری طرح ہم آہنگ ہونے کے باوجود دنیا کے سائنسی منظرنامے پر اپنی اہمیت کو تسلیم کروانے کے لیے عملی دشواریوں کا سامنا کر رہی ہیں ، ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہء اردو نے ’’اردو ناول کا معاصر منظر نامہ‘‘کے عنوان سے پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جو خوش آئند ہے ،جس کے اثرات دیر تک رہیں گے ، امید ہے یہ کانفرنس اب یونیورسٹی کے سالانہ کلینڈر کا حصہ بنے گی۔

(جاری ہے)

رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کسی بھی معاشرے میں زبان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے ،اس کی آبیاری کےلئے تعلیمی ادارے اور حکومتیں خصوصی اہتمام کرتی ہیں، اس کانفرنس کا مقصد دنیائے علم میں اس حقیقت کو اجاگر کرنا تھا کہ ناول سیاست، سماج، سائنس، فلسفہ جیسے تمام موضوعات پر مؤثر انداز میں نہ صرف دنیائے ادب بلکہ علمی حلقوں میں بھی ایک واضح شناخت رکھتا ہے۔

اس کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد اردو ادب کی طالبات کے نامور ناقدین اور تخلیق کاروں سے مکالمے کے ذریعے ان میں یہ شعور بیدار کرنا تھا کہ اردو ادب محض گل و بلبل کے فسانوں کا مجموعہ نہیں بلکہ ناول ایک ایسی صنفِ ادب ہے جس کے ذریعے وہ بصیرت پیدا ہوتی ہے جو زندگی میں پیش آنے والے مسائل یا چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے معاونت فراہم کرتی ہے۔

پہلے ٹیکنیکل سیشن کی صدارت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر عامر سہیل ڈین فیکلٹی آف آرٹس اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے سرانجام دئیے۔مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی استاد شعبہء اردو جی سی یونیورسٹی لاہور تھے جبکہ مہمانان اعزاز ڈاکٹر نعیم ورک ادارہ زبان و ادبیات اردو پنجاب یونیورسٹی لاہور اور ڈاکٹر حمیرا اشفاق استاد شعبہء اردو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد تھے،پہلے روز کانفرنس میں ڈاکٹر شاہد نواز،ڈاکٹر مظہر عباس ،ڈاکٹر الطاف یوسفزئی اور ڈاکٹر ظہیر عباس مقالے پیش کئےجبکہ اردو ناول کا معاصر منظر نامہ کے دوسرے سیشن کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ترین سابق ڈین کلیہ زبان و ادب بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے کی۔

مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ اقبال کہانی کار جبکہ مہمانان اعزاز حفیظ خان، رفعت عباس اور نیر مصطفیٰ تھے ۔اس میں تخلیق کاروں کے ساتھ ایک مکالمے کا اہتمام کیا گیا ،شام میں شعبہ اردو ویمن یونیورسٹی ملتان نے شہر اولیاء کے معروف شاعر اسلم انصاری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یادگار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد بھی کیا۔