سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں پوسٹ گریجوئیٹ ڈگری پروگرام میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

بدھ 18 دسمبر 2024 17:23

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2024ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں پوسٹ گریجوئیٹ ڈگری پروگرام میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ منعقد کیا گیا جس میں 51 پی ایچ ڈی سمیت 284 امیدواروں نے حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں بہار 2024 کے پوسٹ گریجوئیٹ ڈگری پروگرام میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقا کیا جس میں تمام فیکلٹیز کے لیے ٹوٹل 284 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں 51 پی ایچ ڈی، 43 ایم فل، 176 ایم ایس سی اور ایم ایس آئی ٹی اور 14 ایم ای (ایگری) کے امیدوار شامل ہیں۔

اس ضمن میں وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے ڈائریکٹر ایڈوانسڈ اسٹڈیز ڈاکٹر عبدالمبین لودھی کے ہمراہ تمام کلیات میں قائم کیے گئے ٹیسٹ سینٹرس میں جاری انٹری ٹیسٹ کا جائزہ لیا اور فیکلٹی ڈینز کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں اعلیٰ تدریس و تحقیق کے لیے جدید ماحول میسر ہے اور خاص طور پر یونیورسٹی میں جدید لیبارٹریز اور فیلڈز موجود ہیں، جہاں ہمارے اسکالرز کو تحقیقی ماحول میسر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ داخلہ ٹیسٹ ہمارے تعلیمی معیار اور یونیورسٹی کی بہترین تدریسی پالیسیوں کا عکاس ہے، ہمیں فخر ہے کہ ہم اپنے طلباء کو ایک ایسا ماحول فراہم کر رہے ہیں جو نہ صرف تعلیمی طور پر مضبوط ہے بلکہ تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہے۔ یونیورسٹی کی فیکلٹیز اور انتظامیہ کا مشترکہ مقصد طلباء کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے اسکالرز بن سکیں۔ انٹری ٹیسٹ کی کامیاب تکمیل ایک اور سنگ میل ثابت ہو گی جو سندھ زرعی یونیورسٹی کے تعلیمی سفر کو مزید کامیاب بنائے گا۔

متعلقہ عنوان :