گیس کی قیمتوں میں اضافے کی بجائے کمی کی جائے،پاسبان

قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے،،فیصلہ واپس لیا جائی:اقبال ہاشمی

بدھ 18 دسمبر 2024 21:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2024ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے بجلی میں مسلسل اضافے کے بعد گیس کی قیمتوں میں لگاتار ظالمانہ اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہگیس کی قیمتوں میں اضافے کی بجائے کمی کی جائے۔ گیس کی قیمتوں میں 25فیصد اضافہ عام آدمی کے لئے اذیت ناک ہے، فیصلہ واپس لیا جائے۔

کیا عوام محض بوجھ اٹھانے کے لئے ہیں انکے مقدر میں ریلیف کیوں نہیں ہی وزراء، ججز اور بیوروکریسی کی تنخواہوں جبکہ عوام کے لیے یوٹیلیٹی بلز کے نرخوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ جن افراد کو اپنی بنیادی ضروریات پورا کرنے کے لئے جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں ان پر یوٹیلیٹی بلز کی مد میں مسلسل بوجھ ڈالے جانا ظلم ہے۔

(جاری ہے)

مخصوص طبقہ ریاست کے اختیار کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کررہا ہے۔

دنیا میں کم وسائل افراد کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں طاقتور کو ریلیف اور محروم افراد کو رگڑا لگایا جاتا ہے۔ حکومتوں پر قابض سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور آئی ایم ایف کے معاشی ماہرین عام شہریوں کی مشکلات نہیں سمجھ سکتے۔ آئی ایم ایف کے اشاروں پر مظلوم عوام پر مہنگائی کا طوفان مسلط کردیا گیا ہے ۔ پٹرول و گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام سے معاشی چین اور سکون چھین لیا گیا ہے۔

ملک کے اسٹیک ہولڈرز کو غریب عوام کے مسائل اور دکھوں میں اضافے کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔اقتدار کے ایوانوں میں وہی فیصلے ہورہے ہیں جو الیکٹ ایبلز اور وڈیرہ شاہی کے مفاد میں ہیں۔ اقبال ہاشمی نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ عوام کو معاشی دہشت گردی کا شکار بنانے کے بجائے وزراء کی تنخواہیں کم،مراعات ختم اور امیر طبقے پر ٹیکس لگائے۔ سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ صارفین کا بچا کھچا خون نچوڑنے کے مترادف ہے۔

صارفین کے حقوق کی مسلسل پامالی اب برداشت نہیں کی جائے گی۔کے الیکٹرک کی لوٹ کھسوٹ کے بعد سوئی گیس کمپنیاں بھی اسی روش پر چل پڑی ہیں۔ عوام بجلی کے بھاری بلوں تلے دبے سسک رہے ہیں، پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، برداشت کو مزید نہ آزمایا جائے۔ عوام بے یارومددگار نہیں پاسبان عوام کے ساتھ ہے۔