گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی نےیو آئی گرین میٹرکس ورلڈ یونیورسٹیز رینکنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کر لی

جمعرات 19 دسمبر 2024 15:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد نے ماحولیاتی اقدامات اور سرسبز منصوبوں کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے 2024 کے یو آئی گرین میٹرکس ورلڈ یونیورسٹیز رینکنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔یونیورسٹی کی ترجمان نے بتایا کہ2024 کی رینکنگ کے مطابق پاکستان دنیا بھر کی تمام خواتین یونیورسٹیوں اور ملک کی خواتین یونیورسٹیوں میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں میں 18ویں نمبر پر، ایشیا کی تمام یونیورسٹیوں میں 282ویں نمبراور دنیا کی تمام یونیورسٹیوں میں 518ویں نمبر پر آگئی ہے۔

وائس چانسلرگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ یہ بہت بڑی کامیابی ہے اور یونیورسٹی مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سبز اور صاف ستھر ے ماحول کے ویژن کو حقیقت کا روپ دیا گیا ہے جسے یو آئی گرین میڑکس ورلڈ رینکنگ ایجنسی کی طرف سے تسلیم کرنا جی سی ڈبلیو یو ایف کے لئے بہت بڑی کامیابی اور اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ہمیں ماحولیاتی تحفظ اور تعلیمی معیار کی طرف مزید قدم بڑھانے کی تحریک دیتی ہے جس کے لئے انہوں نے ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عاصمہ خالد کی قیادت اور ٹیم کی کوششوں کو سراہااور ڈاکٹر عاصمہ خالدسمیت ان کی ٹیم اور تمام یونیورسٹی کو مبارکباد پیش کی۔