سندھ بورڈز آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری آرڈیننس میں 14 ویں بار ترمیم کا فیصلہ

ہفتہ 21 دسمبر 2024 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 دسمبر2024ء)سندھ بورڈز آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری آرڈیننس 1972ئ میں 14 ویں بار ترمیم کا فیصلہ کر لیا گیا۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی اصلاحاتی کمیٹی نے مجوزہ بل تیار کر لیا ہے، اس مجوزہ ترمیمی بل کو سندھ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مجوزہ ترمیم کے تحت تمام بورڈز کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیرِ اعلیٰ یا نامزد نمائندہ ہو گا، بورڈ کی بنائی گئی کنٹرولنگ اتھارٹی چیئرمین بورڈ کو عہدے سے ہٹانے کی مجاز ہو گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کنٹرولنگ اتھارٹی گریڈ 19 یا 20 کے افسر کو عارضی بورڈ کا چیئرمین تعینات کر سکتی ہے، بورڈز کی نگرانی، کنٹرول اور اختیار کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران کی مدت 2 سال ہو گی جبکہ اس میں 2 سال کی توسیع کی جا سکے گی، کمیٹی پالیسی کے نفاذ اور مالیاتی انتظام کی نگرانی کرے گی۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجوزہ ترمیم کے مطابق کمیٹی وسائل کی تقسیم اور معیارات میں شفافیت کو یقینی بنائے گی جبکہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سال میں کم از کم 2 بار ہوں گے۔#

متعلقہ عنوان :