خواجہ کارپوریشن فلائی اوور جون تک مکمل ہو جائے گا ، قمر الاسلام راجہ

منگل 24 دسمبر 2024 23:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2024ء) چیئرمین کوارڈینیشن کمیٹی قمر الاسلام راجہ نے کہا ہے کہ ددوچھہ ڈیم کے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، جوڑیاں ، چکری روڈ اور جرار کیمپ روڈ پر کام کی رفتار کو تیز اور معیار کو بہتر بنایا جائے، خواجہ کارپوریشن فلائی اوور جون تک مکمل ہو جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، دانیال چوہدری، اراکین صوبائی اسمبلی شوکت عزیز بھٹی، چوہدری عمران الیاس، چوہدری نعیم اعجاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نبیل ریاض سندھو سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین کوارڈینیشن کمیٹی قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ راولپنڈی کہوٹہ روڈ اور اڈیالہ روڈ پر کام کی رفتار کو بڑھایا جائے، مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، لوکل گورنمنٹ کی 142 سکیمیں رواں مالی سال مکمل کی جائیں تاکہ لوگ منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ رورل ڈسپنسریوں کی بحالی کے لئے اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ رواں سال انسداد پولیو مہم کی تین کمپینز لانچ کی گئی ہیں ، 2010 کے بعد پولیو کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔