اقوامِ متحدہ 5 جنوری 1949کی قرارداد پر عملدرآمد کے لیئے اقدامات اٹھائے ،عزیر احمد غزالی

حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں 31 دسمبر ضلع جہلم ویلی کے صدر مقام ہٹیاں بالا میں ریلی کا انعقاد کیا جائے گا

اتوار 29 دسمبر 2024 13:05

مظفراباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2024ء)حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں 31 دسمبر ضلع جہلم ویلی کے صدر مقام ہٹیاں بالا میں ریلی کا انعقاد کیا جائے گا ۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو الجھانے کی سازشیں کر رہا ہے۔آزادی کے حصول کے لیئے بھارت کیخلاف مزاحمت کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ جہلم ویلی کے غیور عوام حق خودارادیت مہم میں شامل ہوں ۔

اقوامِ متحدہ 5 جنوری 1949کی قرارداد پر عملدرآمد کے لیئے اقدامات اٹھائے ۔میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ سے رائے شماری کے مطالبے کے لیئے شروع کی گئی حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں ضلع نیلم کے بعد 31, دسمبر بروز منگل ضلع جہلم ویلی کے صدر مقام ہٹیاں بالا میں دن 12 بجے ریلی کا انعقاد کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی نفی کرتے ہوئے مسلسل مسئلہ کشمیر کو الجھانے کی کوشش کررہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی دعویٰ اور اقدامات عالمی اصولوں اور معاہدوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے سلامتی کونسل کی پاس شدہ قراردادوں کے مطابق اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کے لئے استصواب رائے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی و منشا کے مطابق حل کرنے کے اقدامات اٹھائے جانے چاہیئیں ۔ انکا کہنا تھا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کے پاس بھارتی فوجی قبضے سے آزادی کے لیئے ریاست گیر مزاحمت کے کوئی راستہ نہیں بچتا ۔ انہوں نے آزاد کشمیر بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی ساری توانائیاں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیئے وقف کریں ۔

جب تک بھارتی افواج کشمیر کے اندر موجود ہیں ریاست کا مستقبل بدترین خطرے سے دو چار رہے گا۔ انہوں نے جہلم ویلی کی تاجر برادری ، وکلائ ، ضلعی انتظامیہ ، طلبہ ، سیئول سوسائٹی ، سیاسی مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان سے اپیل کی ہیکہ وہ 31 دسمبر دن 12 بجے ہٹیاں بالا بازار میں حق خودارادیت ریلی کا حصہ بنیں ۔