یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد

بدھ 1 جنوری 2025 19:36

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے زیرِ اہتمام روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیاہے۔ بدھ کو کمیونٹی سروسز کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ اس واک کے ذریعے کمیونٹی بالخصوص طلبہ، اساتذہ اور سٹاف ممبران کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے بار ے میں آگاہی دی گئی۔

یہ واک ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن مضمون کے تحت منعقد کی گئی۔ اس مضمون کے ذریعے طلبہ کو معاشرتی مسائل حل کرنے کی حکمتِ عملی سکھائی جاتی ہے۔ واک میں ڈی ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول سرگودھا محمد یوسف چیمہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ چیئرمین کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز ڈاکٹر مدثر حسین شاہ،کنسلٹنٹ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سنٹر خورشید یوسف ، پراجیکٹ سپروائزر مس عائشہ کرن، ڈپٹی ڈائریکٹر ملٹی میڈیا ڈیویلپمنٹ سنٹر حسن رضا ہاشمی سمیت طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

واک کے دوران طلبہ نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سیٹ بیلٹ باندھنے، ہیلمٹ پہننے، رفتار کی حد کا خیال رکھنے اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کرنے سمیت روڈ سیفٹی کے دیگراصولوں کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے شرکاء کو بتایا کہ ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہو کر ہم نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔ یہ واک عوام میں سڑک کی حفاظت کے شعور کو اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش تھی تاکہ حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے اور ایک محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔