پاکستان پوسٹ کاروباری ترقی میں آئی سی سی کے کردار کے اعتراف میں یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرے گا

منگل 7 جنوری 2025 17:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) پاکستان پوسٹ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی کاروباری برادری کے لیے اہم خدمات کے اعتراف میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرے گا ۔چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ اہم پیش رفت پاکستان پوسٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز رضوان جاوید ہاشمی کے چیمبر کے دورے کے موقع پر عمل میں آئی ۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 26 اگست 2024 کو آئی سی سی آئی نے اپنی 40 ویں سالگرہ منائی تھی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ملک میں کاروباری ترقی اور معاشی بہبود کو فروغ دینے میں اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاک ٹکٹ چیمبر کی اپنے قیام سے لے کر اب تک کی بے مثال خدمات کے ثبوت کے طور پر جانا جائے گا جس سے کمیونٹی اور ملک دونوں کو فائدہ ہوگااور یہ کاروباری برادری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے چیمبر کے عزم کو ظاہر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پارٹنرشپ پاکستان پوسٹ کے صارفین اور کاروباری برادری دونوں کے لیے اہم ثابت ہوگی ۔انہوں نے 10,000 سے زیادہ رجسٹرڈ ممبران کے ساتھ ملک کا پریمیئر چیمبر ہونے پرآئی سی سی آئی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پل کا کام کرنے میں چیمبر کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر عبدالرحمن صدیقی نے پاکستان پوسٹ کی جانب سے حکومت اور عوام کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ مشترکہ اقدام دونوں اداروں کی طاقت کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا ، اقتصادی ترقی اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بناے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی اور پاکستان پوسٹ زیادہ سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے، اختراع کو فروغ دینے اور کمیونٹی کی مجموعی بہبود میں اپنا حصہ ڈالنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

پوسٹ ماسٹر جنرل اسلام آباد شاہ نواز نے پاکستان پوسٹ کے ڈھانچے اور آپریشنز کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔آئی سی سی آئی کے قائم مقام سینئر نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے چیمبر کی جانب سے پاکستان پوسٹ کے ساتھ تعاون کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جو کہ ایک اہم سرکاری ادارے کے طور بہترین خدمات کے لیے جانا جاتا ہے۔ آئی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ صدیقی نے پاکستان پوسٹ کی سروس ڈیلیوری کو بڑھانے اور عوام تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے مناسب مارکیٹنگ، تنوع اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عملی تجاویز کا اشتراک کیا۔

آئی سی سی آئی کے قائم مقام نائب صدر راجہ نوید اختر ستی، ایگزیکٹو ممبر ملک محسن خالد اور آئی سی سی آئی کے ممبر طاہر محمود عباسی بھی موجود تھے۔