یونیورسٹی آف ہری پور کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے زیراہتمام بزنس پچ مقابلہ

بدھ 8 جنوری 2025 17:16

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) یونیورسٹی آف ہری پور کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے زیراہتمام بزنس پچ مقابلہ 2025ءمنعقد ہوا۔ یونیورسٹی آف ہری پور نے بزنس پچ مقابلہ میں اختراعی اور کاروباری طلباءکی 23 ٹیموں کو اکٹھا کیا گیا تاکہ وہ اپنے شاندار کاروباری خیالات کو ظاہر کریں۔ مقابلہ، پائیدار توانائی کے حل سے لیکر جدید ای کامرس پلیٹ فارمز تک کاروباری تصورات کی ایک متنوع رینج کو پیش کرتا ہے۔

صنعت کے ماہرین اور ماہرین تعلیم پر مشتمل ججوں کے ایک پینل نے ان کے کاروباری منصوبوں، پچوں اور مجموعی کاروباری صلاحیت کی بنیاد پر ٹیموں کا جائزہ لیا۔ جیتنے والی ٹیموں کو بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کیلئے 10 ہزار، 6 ہزار اور 4 ہزارکے نقد انعامات سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

یہ انعامات این آر ٹی سی کی طرف سے دل کھول کر سپانسر کئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ ایونٹ سے قبل 19 دسمبر 2024ءکو بزنس پچ مقابلہ کیلئے ایک تیاری ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تھا تاکہ شرکاءکو ضروری مہارتوں اور بصیرت سے آراستہ کیا جا سکے۔ یونیورسٹی آف ہری پور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے کہا کہ ہم اپنے طلباءکے پیش کردہ کاروباری جذبہ اور اختراعی خیالات کو دیکھ کر بہت خوش ہیں، اس مقابلہ نے طلباءمیں موثر اور پائیدار کاروبار بنانے کی صلاحیت کو ظاہر کیا ہے جو معاشی ترقی اور سماجی تبدیلی کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔

تقریب کا انعقاد یونیورسٹی آف ہری پور کے ایک متحرک طلبہ کلب کریٹیو بیچلرز سوسائٹی نے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے اشتراک سے کیا تھا۔ سوسائٹی کی انتھک لگن اور محنت ایک انتہائی کامیاب تقریب میں اختتام پذیر ہوئی جس نے انہیں وائس چانسلر کی طرف سے تعریفی سند حاصل کی۔ بزنس پچ مقابلہ 2025ءنے طلباءکو اپنی کاروباری صلاحیتوں اور صنعت کے پیشہ ور افراد کے ساتھ نیٹ ورک تیار کرنے کیلئے ایک قابل قدر پلیٹ فارم فراہم کیا۔