ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں کمپیوٹنگ فیسٹیول کا انعقاد، 12 یونیورسٹیوں کے طلبا کی شرکت

جمعہ 10 جنوری 2025 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2025ء) یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کمپیوٹنگ فیسٹیول 2025 کا کامیاب انعقاد کیا، جس میں 12 ممتاز جامعات کے طلبا نے شرکت کی۔ یہ فیسٹیول طلبا کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت طرازی کا موقع فراہم کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

اس فیسٹیول میں لمز، یو ای ٹی، پنجاب یونیورسٹی، یو ایم ٹی، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب، پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، لاہور گیریژن یونیورسٹی، سپیریئر یونیورسٹی، کنیرڈ کالج اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی سے 105طلبا نے شرکت کی۔ مقابلے میں چار مختلف کیٹیگریز شامل تھیں جن میں کوڈنگ، مصنوعی ذہانت کے پرامپٹس، اور لوگو ڈیزائن شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایونٹ کی نگرانی کے فرائض شعبہ کی انچارج ڈاکٹر عنیقہ اور ثمین فاطمہ نے انجام دیے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے کہا کہا کہ یہ فیسٹیول نہ صرف طلبا کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اس فیسٹیول میں 12جامعات کو مدعو کیا، جس سے یہ جدت اور ٹیلنٹ کے تبادلے کا مرکز بن گیا ہے۔" طلبا کی کوششوں اور شرکت کو سراہتے ہوئے، ہوم اکنامکس یونیورسٹی نے 105 طلبا میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اختتامی تقریب میں ڈاکٹر طیبہ سہیل، ڈائریکٹر اکیڈمکس، اور ڈاکٹر ارم رباب، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز نے بھی شرکت کی۔