وائس چانسلرکے آئی یو کا چیئرمین واپڈا سے ملاقات،جامعہ میں جاری تعلیم وتحقیق بلخصوص چلاس کیمپس کے حوالے سے تبادلہ خیال

پیر 13 جنوری 2025 23:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شا ہ نے چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی سے ملاقات کی۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق ملاقات میں وائس چانسلر نے جامعہ قراقرم میں جاری تعلیم وتحقیق بالخصوص چلاس کیمپس میں گزشتہ سالوں کی کامیابیاں اور نتائج اور کام کے حوالے سے تفصیلی بات کی۔

ملاقات میں وائس چانسلر نے چیئرمین واپڈا کو بتایا کہ جامعہ قراقرم فیڈرل چارٹرڈ یونیورسٹی ہے جس میں تقریباً دس ہزار طلبہ وطالبا ت پانچ کیمپس جن میں مین کیمپس،انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس،ہنزہ کیمپس،غذر کیمپس اور چلاس کیمپس میں زیر تعلیم ہیں۔اس دوران جامعہ نے نہ صرف طلباء کی تعداد میں اضافہ کیاہے اس کے ساتھ ساتھ نتائج پہ مبنی اور تحقیق پہ مبنی تعلیم کے فروغ پربھی زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جامعہ کے گریجویٹ سکول میں 25 ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے پروگرام شروع کیاہو اہے جس میں ایک ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں۔وائس چانسلر نے اپنے ملاقات میں چلاس کیمپس میں طلباء کو اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے حوالے سے دی جانے والے مواقع سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت چلاس کیمپس میں 350طلباء زیر تعلیم ہیں جن میں سو کے قریب بچیاں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔

جن کے لیے الگ کیمپس بنایا گیا ہے۔ان طالبات میں 60کے قریب طالبات نے اپنی ڈگریاں مکمل کی ہیں۔کیمپس میں چار پروگرام چل رہے ہیں۔جن میں بی ایس مینجمنٹ سائنسز،بی ایس سوشیالوجی،بی ایس میڈیکل لیب ٹیکنالوجی اور بی ایس انگلش شامل ہیں۔اس کیمپس میں طلباء کے لیے ہرممکن سہولیات فراہم کی ہیں۔وائس چانسلر نے جامعہ اور چلاس کیمپس کو درپیش مشکلات بالخصوص بجٹ خسارے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ تینوں کیمپس کا بی ایس ڈی پی پروگرام سے نکلنے کے بعد جامعہ کے بجٹ پر دو سوملین کا بوجھ بڑھ گیاہے۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی میں جاری اخراجات جن میں طلباء کو درکار سہولیات کے اخراجات بڑھنے کی وجہ سے یونیورسٹی کا خسارہ چالیس کروڑ تک پہنچ چکاہے۔اس حوالے سے وائس چانسلر نے تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کیاہے کہ جامعہ کو درکار مالی معاونت کریں تاکہ جامعہ میں بہترین انداز میں تعلیم وتحقیق کا سفر جاری رہ سکیں۔اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی طرف سے جی بی میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وائس چانسلر نے چیئرمین واپڈا کو چلاس کیمپس کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔جسے انہوں نے قبول کیا۔ملاقات کے اختتام پر وائس چانسلر نے پروجیکٹ پروکیورمنٹ اور پاک چین دوستی پر لکھی ہوئی اپنی کتابیں بھی پیش کی۔