یو ای ٹی اور ایف سی ایل کے مابین اشتراک

ایف سی ایل کا یو ای ٹی کے باصلاحیت گریجویٹس کو فاسٹ ایکسیلنس ، ایبلیٹی ایوارڈ زاور نقد انعام دینے کااعلان

منگل 14 جنوری 2025 22:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2025ء)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور اور فاسٹ کیبلز لمیٹڈ (ایف سی ایل) کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔معاہدے کا مقصد تعلیم و تحقیق کو فروغ دیتے ہوئے یو ای ٹی کے انوائرنمنٹل اور الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹس میں طلباء کو ایوارڈز ،انٹرن شپس اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر اور سی ای او فاسٹ کیبلز لمیٹڈ کمال محمود امجد میاں نے معاہدے کی دستاویزات پردستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے طلباء کی معاونت کے لیے تعلیمی ایوارڈز، انٹرنشپ پروگرامز اور کیریئر کے مواقع فراہم کریں گے۔ فاسٹ ایکسیلنس ایوارڈ الیکٹریکل انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کو 100,000 پاکستانی روپے کا نقد انعام دے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح پاکستان میں پائیداری کے مسائل پر توجہ دینے والے جدید فائنل ایئر پروجیکٹس کو ایبلیٹی ایوارڈ سے نوازا جائیگا، اور بہترین پروجیکٹ کو 200,000 پاکستانی روپے کا انعام بھی دیا جائے گا، جس کا انتخاب ماہرین کے پینل کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ایف سی ایل ہر سال انوائرنمنٹل اور الیکٹریکل انجینئرنگ پروگرامز کے طلباء کو چھ ہفتے کی انٹرن شپ فراہم کرے گا تاکہ وہ عملی صنعتی تجربہ حاصل کر سکیں۔ ایف سی ایل یو ای ٹی لاہور میں ہونے والے جاب فیئرز اور کیمپس ریکروٹمنٹ ڈرائیوز میں بھی بھرپور شرکت کرے گا تاکہ یو ای ٹی کے باصلاحیت گریجویٹس کو نوکری کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔