زرعی مسائل سے نپٹنے اور غذائی استحکام کیلئے اکیڈیمیا انڈسٹری تعلقات کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا ناگزیر ہے، وی سی جامعہ زرعیہ

منگل 21 جنوری 2025 17:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2025ء) زرعی مسائل کی صورتحال سے نپٹنے اور غذائی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اکیڈیمیا انڈسٹری تعلقات کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے شعبہ انٹومالوجی زرعی یونیورسٹی، محکمہ زراعت پنجاب کے زرعی ماہرین اور انڈسٹری کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین شعبہ انٹومالوجی ڈاکٹر وسیم اکرم، ایڈیشنل ڈی جی پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزہارون غنی، چیف سائنٹسٹ اینٹومولوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آری ڈاکٹر قربان علی، نیاب فیصل آباد سے ڈاکٹر ساجد بھٹہ، ڈاکٹر نور عابد،انڈسٹری سے محمد عامر مجید، رشید احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ مختلف چیلنجز کا شکار ہے جن میں بیماریوں، کم پیداواری صلاحیت، پانی کی کمی، زمین کی صحت کی خرابی اور دیگر شامل ہیں جس کیلئے ہمیں قومی سطح پر اس مسئلے کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ڈاکٹر وسیم اکرم نے اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان جامع اور بہتر فصل کے ماڈل تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پوسٹ گریجوایٹ تحقیق کو بہتر بنانے اور انڈر گریجویٹ وپوسٹ گریجویٹ نصاب وکورسز کی اپ گریڈیشن کیلئے ڈیپارٹمنٹل بورڈ آف سٹڈیز،شعبہ انٹومالوجی کے اراکین کے طور پر سرکاری اور نجی شعبوں کے نمائندوں کو شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

کراپ لائف پاکستان کے چیئرمین رشید احمد نے کسانوں کی ضروریات اور مسائل کو حل کرنے کے لیے فیکلٹی، پرائیویٹ سیکٹروصنعتوں اور اسٹیک ہولڈرز (کسانوں) کے درمیان باہمی تعامل اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اجلاس میں شعبہ انٹومالوجی کے ڈاکٹر محمد احسن خاں، ڈاکٹر محمد حامد بشیر، ڈاکٹر زین العابدین، ڈاکٹر محمد ارشد، ڈاکٹر محمد دلدار گوگی، ڈاکٹر راشد رسول خاں، ڈاکٹر محمد طیب، ڈاکٹر بلال سعید خاں، ڈاکٹر جام نذیر احمد، ڈاکٹر محمد صغیر، ڈاکٹر شاہد مجید، ڈاکٹر عابد علی، ڈاکٹر محمد سفیان، ڈاکٹر عمیر سیال، ڈاکٹر وسیم عباس و دیگر بھی موجود تھے۔