لاڑکانہ چیئرمین شاہ رخ انور سیال کی جانب سے دو ہفتوں پر مشتمل لاڑکانہ فیسٹیول کاانعقاد

منگل 21 جنوری 2025 18:03

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2025ء) لاڑکانہ شہر کے دڑی ٹاؤن کے چیئرمین شاہ رخ انور سیال کی جانب سے دو ہفتوں پر مشتمل لاڑکانہ فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے، فیسٹیول کے پہلے ہفتے سپورٹس ویک اور دوسرے ہفتے میں فوڈ، کتب اور بسنت میلوں کا انعقاد کیا جائے گا، اس حوالے سے دڑی ٹاؤن کے چیئرمین شاہ رخ انور سیال نے میڈیا کو بتایا کہ دڑی ٹاؤن کی جانب سے پہلی بار لاڑکانہ شہر میں لاڑکانہ فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جو یکم فروری سے ایک ہفتے تک جاری رہیں گے ، فیسٹیول کے پہلے ہفتے سپورٹس ویک میں کرکٹ، فٹ بال، ٹیبل ٹینس اور ٹینس اور بیڈمنٹن سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد گرلز کالج گرلز میں کیا جائے گا جبکہ لڑکوں کے گیمز شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میونسپل سٹیڈیم، کھوڑا کمپلیکس اور پی ٹی ایس گراؤنڈ پر ہوں گے، دوسرے ہفتے شہر کے جناح باغ میں فوڈ فیسٹیول کے ساتھ کتب میلہ بھی لگایا جائے گا جہاں بچوں کی تفریح کے لیے جھولے لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں بسنت منائی جائے گی اور 12 فروری کو گرلز کالج روڈ پر میوزیکل نائٹ کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس میں سندھ کے نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اس لیے لاڑکانہ شہر سمیت ضلع بھر کے عوام کو لاڑکانہ فیسٹیول میں شرکت کرکے زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہونا چاہیے۔