سیکرٹری زراعت پنجاب سے چین کی ٹریکٹر ساز کمپنی کے سی ای او کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

منگل 21 جنوری 2025 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سے چین کی ٹریکٹر ساز کمپنی اے آئی فورس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہان وائے کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد نے ایگریکلچر ہاوس لاہور میں ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست ہیں۔ چین زرعی شعبہ میں جدت اور ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں گلوبل لیڈر ہے۔

صوبہ پنجاب میں زراعت کے شعبہ میں زرعی میکانائزیشن کے فروغ اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے لئے چین کی معاونت سے زرعی شعبہ مزید ترقی کر ے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق صوبہ میں زرعی شعبہ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال اور روبوٹک و الیکٹرک ٹریکٹرز متعارف کرانے کےلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے 400 ارب روپے سے زائدکا ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔

کاشتکاروں کو وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کے ذریعے150ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔مشینی زراعت کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعلی پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی دی گئی ہے اور30 ارب روپے کی خطیر رقم سے پہلے مرحلے میں 9500کاشتکاروں کو10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔اس کے علاوہ کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کے لئے وزیر اعلی زرعی ٹیوب ویلز سولرائزیشن پروگرام کے تحت9 ارب روپے کی لاگت سے صوبہ بھر میں 8 ہزار بجلی و ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

کاشتکاروں کو بین الاقوامی طرز کی سہولیات فراہم کرنے کےلئے 4 ماڈل ایگریکلچر مالز کا قیام عمل میں لانے سمیت متعدد منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔اس موقع پر چینی کمپنی اے آئی فورس کے سی ای او نے کہا کہ پنجاب میں زرعی ٹیکنالوجی ٹرانسفرکے لئے ان کی کمپنی بھرپور تعاون کرے گی۔صوبے میں ڈیجیٹل پلانٹیشن، ڈیجیٹل لیبارٹریوں کے قیام اور سٹیلائیٹ کے ذریعے مانیٹرنگ اور کنٹرول کے علاوہ جدید زرعی ریسرچ کے لئے تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کمپنی کے تیار کردہ الیکٹرک ٹریکٹرز سستے، معیاری اورمستعدی سے آپر یشننز کی تکمیل کرنے والے ہیں۔اس کے علاوہ سمارٹ ایگریکلچر اور سبزیوں کی جدید کاشتکاری کو فروغ دینے کے لئے باہمی تعان کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر سپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر،پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ای ایس پی محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر انجم علی،چیف ایگریکٹو آفیسر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈٹریڈز جلال حسن اورڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔