اگر مطالبات میں سے ایک بھی نہ مانا گیا تو مذاکراتی عمل آگے نہیں چلے گا، بیرسٹر گوہر

ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کی عوام کی ایک چوائس ہے، بانی پی ٹی آئی سمیت تحریک انصاف کسی بھی بیرونی مدد کی طلبگار نہیں، بیرسٹر گوہر خان

منگل 21 جنوری 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2025ء)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اگر دونوں مطالبات سے ایک بھی نہ مانا گیا تو مذاکراتی عمل آگے نہیں چلے گا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں، یہ ایک جمہوری عمل ہے۔انہوںنے کہاکہ میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ سنجیدگی کے ساتھ اور نیک نیتی کے ساتھ مل کر بیٹھیں، اختلافات کو لوگ ڈائیلاگ کے ذریعے ختم کرتے ہیں یہ ڈائیلاگ ضرور ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کی عوام کی ایک چوائس ہے، بانی پی ٹی آئی سمیت تحریک انصاف کسی بھی بیرونی مدد کی طلبگار نہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کشمیر کا ایشو یو این کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں جب آجاتے ہیں تو اپوزیشن احتجاج بھی کرتی ہے، ایجنڈا پورا کرنا، کورم پورا کرنا، ایجنڈا چلانا، قانون سازی کرنا، یہ حکومت کی صوابدید ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک دن اجلاس پر ساڑھے 6 کروڑ کا خرچہ آتا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے اس کو پورا کرے۔