شمالی وزیرستان کےصدر مقام میرانشاہ بازار کے متاثرین کیلئے 50 کروڑ روپے معاوضے کی مد میں جاری

بدھ 22 جنوری 2025 18:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) نے وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے ریلیف حاجی نیک محمد کی خصوصی کاوشوں سے شمالی وزیرستان کےصدر مقام میرانشاہ بازار کے متاثرین کیلئے 50 کروڑ روپے معاوضے کی مد میں جاری کردئے ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ معاون خصوصی برائے ریلیف حاجی نیک محمد کی ہدایات اور کوششوں سے میرانشاہ بازار کے متاثرین کو معاوضوں کیلئے 50 کروڑ روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کو بھیجا گیا ہے جو آپریشن ضرب عضب کے دوران میرانشاہ بازار کے متاثرین میں پہلے سے طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق تقسیم کئے جائینگے ۔

اس حوالے سے معاون خصوصی برائے ریلیف حاجی نیک محمد نے بتایا کہ میرانشاہ اور میرعلی کے بازاروں کو اپریشن کے دوران پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کیلئے صوبائی حکومت اپنی بھرپور توانائیاں استعمال میں لا رہی ہیں اور اس سے پہلے بھی دونوں مرکزی بازاروں کے متاثرین کو معاوضے دئے جا چکے ہیں اور جو متاثرین معاوضوں سے رہ گئے ہیں ان کیلئے بھی بہت جلد مزید فنڈز جاری کردئے جائینگے تاکہ علاقے میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں فروغ پا سکے ۔

(جاری ہے)

حاجی نیک محمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مذکورہ فنڈز ہر لحاظ سے صاف و شفاف طریقے سے مستحقین میں تقسیم کئے جائینگے اور کسی طور پر بھی کسی کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ ہر صورت میں میرٹ کو برقرار رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :