خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں ’’خود احتسابی ‘‘کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

بدھ 22 جنوری 2025 18:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاورمیں ’’خود احتسابی ‘‘کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے احتساب بریگیڈیر (ر) محمد مصدق عباسی مہمانِ خصوصی تھے۔ سیمینار میں وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور عملے کے اراکین نے شرکت کی۔

مہمانِ خصوصی بریگیڈیر (ر) محمد مصدق عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو پہلی قانون ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ کرپشن معاشرے کے لیے زہر ہے، کرپشن کی مثال دیمک کی طرح ہے جو اداروں اور معاشرے کو اندر سے کھا جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 80 سے 85 فیصد کرپشن ضرورت کی بنیاد پر کی جاتی ہےجسے "نیڈ بیسڈ کرپشن" کہا جاتا ہے جبکہ 15 سے 20 فیصد کرپشن لالچ کی بنیاد پر ہوتی ہےجسے "گریڈ بیسڈ کرپشن" کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیر(ر) مصدق عباسی نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم شاہین کو اپنا رول ماڈل بنانا چاہیے جو مردار(حرام ) کی خوراک(کمائی) سے اجتناب کرتا ہے اورجو سادہ طرز زندگی پر یقین رکھتاہے جبکہ اس کے برعکس گرگس (گدھ) دوسروں کے شکار پر گزارہ کرتاہے جو حرص اورلالچ (کرپشن )کی نشانی ہے، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا تصور کرپشن کی بیخ کنی کے لیے بہترین ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح علاج سے پہلے پرہیز بہتر ہے اسی طرح کرپشن کے سدباب کے لیے بھی احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کرپشن عام ہے وہ معاشرے زوال پذیر ہیں، بچوں کی پرورش میں حلال و حرام کا خیال نہ رکھنے کے اثرات آئندہ نسلوں پر مرتب ہوتے ہیں اور حرام کی کمائی سے پروان چڑھنے والے بچے والدین کے لیے پریشانی اور نافرمانی کا سبب بنتے ہیں، قرآن پاک کا حکم ہے کہ اپنے آپ اور اپنے اہلِ خانہ کو جہنم کی آگ سے بچاؤ اس لیے کرپشن کا سدباب اپنے گھر سے شروع کرنا چاہیے۔

بریگیڈیر (ر)عباسی نے کہا کہ جب ہم اپنی اصلاح کریں گے تو آدھا معاشرہ خود بخود درست ہو جائے گا۔ انہوں نے سچ بولنے کی عادت کو اپنانے پر زور دیاکیونکہ جھوٹ مسائل اور معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے۔ جھوٹ بولنے کی عادت کو کرپشن سے تعبیر کرتے ہوئے مہمان مقرر نے کہا کہ 40 سال کی عمر میں بلڈ پریشر اور شوگر جیسے امراض کی بنیادی وجہ جھوٹ اور کرپشن کے سہارے زندگی میں شارت کٹ کے حصول کی کوشش ہے۔

انہوں نے مثبت سوچ اپنانے کی تلقین کی جو زندگی کو خوشگوار اور مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے شکرگزاری کی عادت اپنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ شکرگزاری زندگی کو آسان اور خوبصورت بناتی ہے، ناشکری دنیا اور آخرت میں خسارے کا باعث بنتی ہے۔ وقت کی پابندی اور سخت محنت کو کامیابی کی کنجی قرار دیتے ہوئے بریگیڈیئر(ر) مصدق عباسی نے کہا کہ حرکت میں برکت ہےلیکن یہ حرکت درست سمت میں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دیانتداری کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی، ایمان داری ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن پاک کا مطالعہ کرنا چاہیے اور اسے اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیے، قرآن کا مقصداسے سیکھنا، سمجھنا، پھیلانا اور اس پرعمل کرنا ہے۔