این سی ایچ ڈی اور یونیورسٹی آف پشاور کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 22 جنوری 2025 23:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) اور یونیورسٹی آف پشاور کے درمیان تعلیم، صحت اور سماجی مسائل پر آگاہی کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے جس میں سماجی مسائل پر طلبہ کی تربیت اور ‘‘Each One Teaches One’’ پروگرام کا آغاز شامل ہے۔

تقریب میں این سی ایچ ڈی کی نمائندگی ڈائریکٹر آپریشنز این سی ایچ ڈی انور اقبال نے کی جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر سعید خان بھی موجود تھے۔ یونیورسٹی آف پشاور کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قاضی نعیم، ڈاکٹر شکیل، ڈاکٹر بشریٰ اور ڈاکٹر گوہر نے شرکت کی۔معاہدے کے تحت این سی ایچ ڈی طلبہ کو مختلف تربیتی پروگرامز کے ذریعے خواندگی کی تدریس اور سماجی مسائل پر کام کرنے کے لیے تیار کرے گا، کامیاب طلبہ کو سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کی ہدایات کے تحت تعلیم کے فروغ کے لیے ‘‘Each One Teaches One ’’مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں ہر طالبعلم کم از کم ایک ناخواندہ فرد کو تعلیم دینے کا پابند ہوگا۔این سی ایچ ڈی کے ڈائریکٹر آپریشنزانور اقبال نے کہا کہ یہ معاہدہ تعلیم کی بہتری اور نوجوانوں کو سماجی خدمت میں شامل کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف پشاور کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اس شراکت کو ملک میں ناخواندگی کے خاتمے کے لیے سنگ میل قرار دیا۔

یونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلر نے این سی ایچ ڈی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کی تربیت اور سماجی خدمت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ڈاکٹر شکیل نے اس شراکت داری کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ طلبہ کو خواندگی کی تدریس کے لیے مکمل تربیت اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ تقریب کے آخر میں دونوں اداروں کے سربراہان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم، صحت اور سماجی مسائل پر مشترکہ کوششوں کے ذریعے معاشرتی ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :