حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے عرس مبارک کے موقع پر زائرین کو مکمل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر جامشورو

بدھ 22 جنوری 2025 20:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) ڈپٹی کمشنر جامشورو/ چیئرمین شہباز میلہ کمیٹی غضنفر علی قادری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے 773ویں تین روزہ سالانہ عرس مبارک کے موقع پر زائرین کو مکمل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سیہون شریف میں سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں عرس مبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ضلع افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے دوران ملک بھر سے 20 لاکھ سے زائد زائرین کی آمد متوقع ہے سیکیورٹی ادارے عرس مبارک میں زائرین کو حفاظتی انتظام مہیا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ عرس مبارک کے دوران کمشنر حیدرآباد کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے داخلے جبکہ اڑل واہ اور دانستر واہ میں نہانے پر 144 نافذ کیا جائے گا ، جبکہ تمام امور کی نگرانی کیلئے 30 سے زائد کمیٹیاں مختلف افسران کی سربراہی میں قائم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ عرس مبارک کے دوران ملاکھڑا، سگھڑن جی کچہری، ادبی کانفرنس اور محفل موسیقی سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے حیسکو عملداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیہون شریف میں عرس مبارک کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریز کریں اور پہلے سے فنی خرابیوں کودرست کرنے کو یقینی بنائیں محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمبولنس اور ادويات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کریں کیونکہ یہ ایک میگا ایونٹ ہے اس میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

حضرت لال شہباز قلندر زائرین ہمارے مہمان ہیں انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں کیونکہ یہ کوئی نیا ایونٹ نہیں بلکہ ہر سال قلندر لال شہباز رح کی مزار پر لاکھوں کی تعداد میں زائرین پہنچ کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں، اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم سب مل کر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے موقع پر شہر بھر میں سی سی ٹی وی کئمرے نصب کیے جائیں گے جس کے ذریعے شھر بہر کی سیکیورٹی کی نگرانی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے سیہون شریف میں عرس سے قبل تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس سیہوں نے عرس مبارک کے دوران صحت کے شعبے کے حوالے سے اپنےانتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس پر ڈپٹی کمشنر جامشورو نے انہیں یقین دلایا کہ زائرین ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشش کریں گے۔

انہوں نے ریسکیو 1122 کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک دوران زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کانٹیجنسی پلان بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے بھی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے این ایچ اے کے افسران کو ہدایت کی وہ عرس مبارک سے پہلے اپنا تمام کام مکمل کرلیں تاکہ زائرین کو آنے اور جانے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنہ نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے محکمہ بلدیات کو شھر کی صفائی ستھرائی اور فائر برگیڈ فعال حالت دستیابی کو یقینی بنائیں انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو ہدایت کی وہ سیہون شریف میں پینے کے صاف پانی کی فراھمی کو یقینی بنائیں جس پر متعلقہ محکمہ افسران نے یقین دلایا کہ مزکورہ مسئلا بہت جلد حل ہوجائے گا۔